ایران نے اپنے خلاف امریکا کی فوجی کارروائی کی صورت میں امریکا، اسرائیل اور ان کے حمایتیوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی۔
ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کے مشیر علی شامخانی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کی طرف سے فوجی کارروائی ہوئی تو امریکا، اسرائیل اور ان کے حمایتیوں کو نشانہ بنائیں گے۔
واضح رہے کہ علی شامخانی کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو 2025 سے بھی زیادہ خطرناک حملہ کرنے کی دھمکی دی۔
اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امید ہے ایران جلد از جلد مذاکرات کی میز پر آئے گا، امید ہے ایران منصفانہ اور مساوی معاہدے پر بات چیت کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے اور معاملہ واقعی نہایت اہم ہے، میں نے ایران سے پہلے بھی کہا تھا معاہدہ کرلو، ایران نے ایسا نہیں کیا اور پھر آپریشن مڈنائٹ ہیمر ہوا، ایران کو بڑی تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکا کے صدر نے آئندہ حملے کے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے معاہدہ نہ کیا تو اگلا حملہ کہیں زیادہ بدتر ہوگا، ایسا دوبارہ نہ ہونے دیں۔