متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکنِ اسمبلی طحہٰ احمد خان کا کہنا ہے کہ گل پلازا کے متاثرین کو ٹیکس میں ریلیف دیا جانا چاہیے۔
طحہٰ احمد خان نے چیئرمین ایف بی آر کو سانحۂ گل پلازا کے متاثرین کو ٹیکس میں چھوٹ دینے سے متعلق خط لکھا ہے۔
طحہٰ احمد خان کی جانب سے ایف بی آر کو لکھے گئے خط کے مطابق سانحۂ گُل پلازا میں قیمتی جانوں اور روزگار کا نقصان ہوا ہے، کراچی ملکی معیشت میں 60 فیصد سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر ہے، غیر معمولی صورتِ حال میں ٹیکس میں نرمی منصفانہ اقدام ہے۔
طحہٰ احمد نے یہ بھی کہا ہے کہ اس سانحے میں متاثرہ تاجروں کے کاروبار اور ریکارڈ تباہ ہو چکے ہیں، ٹیکس ایئر 2026ء کے لیے متاثرین کو خصوصی سہولت دی جانی چاہیے۔