وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور یورپی یونین سے تمام شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم سے یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر رائمنڈاس کاروبلس نے جمعرات کو ملاقات کی۔
اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے یورپی یونین سے تجارت، ترقی و سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
انھوں نے یورپی یونین سے مائیگریشن اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں بھی مضبوط تعاون کے عزم کو دہرایا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان جی ایس پی پلس اسکیم کے کلیدی کردار پر زور دیا اور کہا حکومت پاکستان یورپی یونین سے تجارتی فروغ پر قریبی تعاون کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان بالخصوص جی ایس پی پلس کے ذریعے تجارتی فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ وزیراعظم نے گزشتہ سال برسلز میں پاکستان یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ پر بھی اظہار اطمینان کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے یورپی یونین کے سفیر رائمنڈاس کاروبلس نے کہا پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے، یورپی یونین جی ایس پی پلس کے تحت تجارت کے فروغ پر قریبی روابط کے لیے پُر عزم ہے۔
انھوں نے کہا کہ اپریل میں یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے ذریعے بھی قریبی روابط کے لیے پُر عزم ہے۔