چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ماڈل جیل کی تکمیل مزید کسی تاخیر کے بغیر مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر کی زیر صدارت جسٹس کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ماڈل جیل اسلام آباد کی تعمیر کے منصوبے سے متعلق امور اور پیشرفت پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ چیف کمشنر آفس کے مطابق ماڈل جیل کی تعمیر آخری حصے میں ہے جبکہ تکمیل کی تاریخ 30 جون ہے جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ماڈل جیل کی تکمیل مزید کسی تاخیر کے بغیر مقررہ مدت میں مکمل کی جائے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ جیل اسٹاف کی تعیناتی سمیت دیگر انتظامی امور بھی بیک وقت مکمل کیے جائیں، یکم جولائی 2026 سے قیدیوں کی اسلام آباد جیل منتقلی کا عمل شروع کیا جائے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ سیکریٹری داخلہ ماڈل جیل کی تعمیر سے متعلق امور کے حل کےلیے سیکریٹری خزانہ سے رابطہ کریں۔