• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی کا اعلان

—جیو نیوز گریب
—جیو نیوز گریب

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کے ٹیرف میں 4 روپے 4 پیسے کمی کا اعلان کر دیا۔

یہ اعلان انہوں نے اسلام آباد میں ملک کے نمایاں برآمد کنندگان اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں تقریب میں خطاب کے دوران کیا۔

وزیرِ اعظم نے صنعتوں کے لیے ویلنگ چارجز میں 9 روپے کمی کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ایکسپورٹرز کے لیے ٹیکس ساڑھے 7 فیصد سے کم کر کے ساڑھے 4 فیصد پر لا رہے ہیں۔

تقریب میں قومی معیشت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے برآمد کنندگان میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔

وزیرِ اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایکسپورٹرز کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، عظیم کاروباری شخصیات نے شبانہ روز محنت کر کے ملک کانام روشن کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ برآمد کنندگان نے مشکل حالات میں بہترین کام کیا، برآمد کنندگان نے 2025ء میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا، برآمد کنندگان کی غیر متزلزل محنت سے ملک میں اربوں ڈالرز آئے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے بیانات دیے کہ پاکستان ٹیکنیکلی طور پر ڈیفالٹ کر چکا ہے، ماضی میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جاتی رہیں، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہمارے لیے بڑا چیلنج تھا، حکومت سنبھالی تو ملک کی معاشی صورتِ حال ابتر تھی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عام آدمی نے بہت مشکلات کا سامنا کیا، مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بہتر معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی زرِمبادلہ دگنا ہو چکا ہے، حکومت کی کاوشوں سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچ گیا، دوست ممالک نے مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیا، معاشی استحکام کے لیے فیلڈ مارشل کے ساتھ مختلف ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل فیصلوں کے شاندار نتائج برآمد ہو رہے ہیں، حکومت بزنس نہیں کرتی، بزنس پرائیویٹ سیکٹر نے کرنا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میری ٹیم کے تمام وزراء انتھک محنت سے ملکی ترقی کے لیے راہیں ہموار کر رہے ہیں، سیاسی و عسکری تعاون سے ترقی کے تمام راستے کھل رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید