اسلام آباد (نیوز رپورٹر) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل مکمل ‘ حکومت اور عارف حبیب کنسورشیم کے مابین ٹرانزیکشن کی دستاویزات پر دستخط ہوگئے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے نجکاری کے کامیاب عمل میں تمام شراکت داروں کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور حکومتی ٹیم نے اس سلسلے میں جو کردار ادا کیا وہ بے مثال ہے‘نجکاری کے بعد پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی اور عوام کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ پاکستان کا نام بھی بلند ہوگا‘شہباز شریف نے بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر پولیس اور سیکورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہے‘وزیراعظم نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، ترقی و سلامتی، مائیگریشن اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کے فروغ میں جی ایس پی پلس اسکیم کے کلیدی کردار پر زور دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف سے یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر رائمونڈاس کاروبلس نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔