بھاٹی گیٹ لاہور میں ماں بیٹی کے سیوریج لائن میں گرنے کے معاملے میں مقدمے کے مدعی خاتون کے والد ساجد حسین سے سادہ کاغذ پر دستخط اور انگوٹھے لگوانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
تھانے میں متاثرہ خاتون کے والد ساجد حسین کے انگوٹھا لگوانے کے بعد کی ویڈیو سامنے آ گئی۔
ورثا نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکار زبردستی سادہ کاغذ پر انگوٹھا لگوا کر لے گئے۔
ورثا نے مزید کہا کہ معطل اور گرفتار افراد کو ریلیف دینے کے لیے سادہ کاغذ پر دستخط اور انگوٹھے لگوائے گئے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھاٹی گیٹ علاقے میں ماں اپنی بیٹی سمیت سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہوگئی تھی۔ انتظامیہ نے ابتداء میں واقعے کو دبانے اور میڈیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور ماں، بچی کے گرنے کی اطلاع کو جعلی قرار دیا۔
انتظامیہ کا موقف تھا کہ ایسا کوئی حادثہ پیش ہی نہیں آیا، تکنیکی طور پر اس ہول میں کسی انسان کا ڈوبنا ممکن ہی نہیں۔
دوسری جانب پولیس نے بھی ابتدائی تفتیش میں واقعے کو میاں بیوی کے جھگڑے کا رنگ دینے کی کوشش کی، شوہر کا بیوی کے ساتھ تنازع اور سنگین الزامات کی رپورٹ بنا دی۔
شک کی بنیاد پر شوہر سمیت 3 افراد کو حراست میں بھی لیا بعد میں کہا کہ کسی کو حراست میں نہیں لیا۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے پروجیکٹ ڈائریکٹر، مینجر اور کنسلٹنٹ کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔