سپریم کورٹ نے پولیس حکام کو دی جانے والی درخواستوں میں ’بخدمت جناب ایس ایچ او‘ کے الفاظ استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی۔
سپریم کورٹ نے ایسے عمل کو نوآبادیاتی دور کی باقیات قرار دیا ہے۔
سپریم کورٹ میں یہ فیصلہ جسٹس صلاح الدین پنہور نے تحریر کیا، جس میں کہا گیا کہ اس نوعیت کی زبان ایک فرسودہ ذہنیت کی عکاس ہے۔ ایس ایچ او عوام کا خادم ہے، عوام اس کے نوکر نہیں۔
سپریم کورٹ نے پولیس کارروائی میں ’فریادی‘ کا لفظ بھی ممنوع قرار دیتے ہوئے کہا کہ فریادی رحم مانگنے کا تاثر دیتا ہے، حق مانگنے کا نہیں۔
جسٹس صلاح الدین پنہور نے پولیس افسران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کا رجحان سندھ میں نسبتاً زیادہ پایا جاتا ہے۔
سپریم کورٹ نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ کو گزشتہ 2 سالوں کے دوران سنگین جرائم میں ایف آئی آر کے اندراج کی اوسط تاخیر بارے رپورٹ ایک ماہ میں جمع کرانے کا حکم دیدیا۔