• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی کامیاب، آسٹریلیا کو کلین سوئپ کردیا

محمد نواز نے 5 وکٹیں لے کر آسٹریلین بیٹنگ لائن کی کمر توڑی - فوٹو بشکریہ پی سی بی
محمد نواز نے 5 وکٹیں لے کر آسٹریلین بیٹنگ لائن کی کمر توڑی - فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان نے 3 ٹی 20 میچز کے سیریز کا آخری میچ بھی جیت کر آسٹریلیا کو کلین سوئپ کردیا۔ یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف 7 سال بعد کلین سوئپ فتح ہے۔ 

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 208 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 16 اعشاریہ 5 اوورز میں 96 رنز تک محدود رہی۔ یوں ٹیم پاکستان نے آسٹریلوی ٹیم کو 111 رنز سے مات دی۔

پاکستانی ٹیم نے میچ کے آغاز میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔ صائم ایوب اور بابر اعظم نے نصف سنچریاں بنائیں۔ صائم 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 

دیگر کھلاڑیوں میں خواجہ نافع نے 12 گیندوں پر 21 رنز جبکہ شاداب خان نے 19 گیندوں پر 46 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ 

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم 96 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ مارکس اسٹوئنس 23 اور کیمرون گرین 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ 

فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ٹاپ آرڈر کو پویلین لوٹاتے ہوئے 2 اہم وکٹیں لیں جبکہ محمد نواز نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑی۔ نسیم شاہ اور ابرار احمد نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔ 

محمد نواز کو شاندار بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی جبکہ کپتان سلمان علی آغا کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ آج ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔

آج کے میچ کے لیے فخر زمان، خواجہ نافع اور شاہین آفریدی کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید