نائب کمانڈر انچیف لیبیا لیفیٹننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے پیر کو ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دو طرفہ عسکری تعاون بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری اور جدیدیت کے اقدامات کو اجاگر کیا اور لیبیا کی فضائیہ کیساتھ پیشہ ورانہ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایئرچیف نے لیبیا فضائیہ کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے پاک فضائیہ کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ وفد کو نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے ذریعے پاک فضائیہ کے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے اپنے اور وفد کے پرتپاک استقبال پر سربراہ پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کیا، لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفتر نے پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وفد نے پاک فضائیہ کے فضائی و زمینی عملے کے آپریشنل تجربے سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ لیبیا کی عرب مسلح افواج کے نائب کمانڈر اِن چیف نے مشترکہ تربیتی اقدامات بڑھانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔