سینیٹ میں نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2025ء متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
پریزائیڈنگ افسر آغا شاہ زیب درانی کی زیرِ صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا۔
مشیرِ وزیرِ اعظم برائے نجکاری محمد علی نے نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2025ء ایوانِ بالا میں پیش کیا۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی تعیناتی کے لیے عمل شروع کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ تقرری کا عمل دوبارہ دہرایا جائے۔
اعظم نذیر تارڑ کے مطابق وزیرِ اعظم خود اس عمل کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ میرٹ پر سب سے موزوں امیدوار کا انتخاب کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بلوچستان سے کوئی پروفیسر منتخب ہو جائے تو یہ خوش آئند بات ہو گی، چیئرمین ایچ ای سی کی تقرری میرٹ پر ہوتی ہے، اس میں صوبائی کوٹہ لاگو نہیں ہوتا، جبکہ ایچ ای سی غیر فعال نہیں اور اس وقت قائم مقام چیئرمین موجود ہیں۔
سینیٹ اجلاس میں سینیٹر شہادت اعوان نے ایوان کو بتایا کہ بنی گالہ میں ایک بچی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا اور ملزم فرار ہو گیا۔
وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ایوان کو آگاہ کیا کہ گزشتہ 4 سال میں 19 ملزمان پولیس حراست سے فرار ہوئے، جن میں سے 4 تاحال مفرور ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں 32 پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی، 13 کے خلاف فوجداری مقدمات قائم ہوئے جبکہ 17 افسران کو سزائیں دی گئیں، بنی گالہ کیس کی تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں گی۔
سینیٹر طلحٰہ محمود نے کہا کہ پولیس افسران گرفتار ملزمان کو ایف ٹین میں اپارٹمنٹس میں رکھتے ہیں، جس پر وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ایسی کوئی صورتِ حال میرے نوٹس میں نہیں اور گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جاتا ہے، ایسی کسی بھی خلاف ورزی پر فوجداری کارروائی کی جاتی ہے۔
وقفۂ سوالات کے دوران سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ وقفۂ سوالات ہے مگر ایک بھی وزیر ایوان میں موجود نہیں، اس پر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے تجویز دی کہ ایک آدھ وزیر کو معطل کر دینا چاہیے۔
سینیٹر وقار مہدی نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کا نام دوبارہ بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئر پورٹ رکھا جائے۔
اس دوران علامہ ناصر عباس نے سوال کے دوران بات کرنے کے لیے مائیک آن کیا، جس پر پریزائیڈنگ افسر آغا شاہ زیب درانی نے کہا کہ وقفۂ سوالات کے دوران بات نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ اگر رولز پر عمل نہ کیا جائے تو انسان اور جانور میں کیا فرق رہ جاتا ہے؟ وقفۂ سوالات کے بعد بات کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بات کرنا چاہتا ہوں، جس پر طلال چوہدری نے کہا کہ اس طرح ایوان کا وقت ضائع ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ نیکٹا دہشت گردی کے خلاف بیانیے پر کام کرتا ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر ایک جامع بحث ہونی چاہیے تاکہ دیکھا جا سکے کہ کس صوبے نے کتنا کام کیا ہے۔
سینیٹ اجلاس میں وزارتِ داخلہ کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 1994ء میں یو اے ای کے سابق سفیر رشید سلطان کو جائیداد خریدنے کا این او سی دیا گیا تھا، جو 2003ء میں ان کے قانونی ورثاء کے نام منتقل کی گئی، حال ہی میں یہ جائیداد حماد علی سعید سلمون البیری کے نام منتقل ہوئی۔
تحریری جواب میں بتایا گیا کہ 1980ء میں ڈپلومیٹک انکلیو میں اس وقت کے کویتی سفیر شیخ الاحمد الجابر الصباح کو جائیداد الاٹ کی گئی تھی، وزارتِ داخلہ کے مطابق قانون کے تحت کسی بھی غیر ملکی کو پلاٹ خریدنے کے لیے وزارتِ داخلہ سے این او سی لینا ہوتا ہے۔