جاپانی شہنشاہ نارو ہیتو کی 66 ویں سالگرہ کے موقع پر کراچی میں پروقار اور شاندار تقریب منعقد کی گئی۔
اس موقع پر قونصل جنرل جاپان کراچی ہاتوری ماسارو نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر باہمی ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔
استقبالیہ تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری اور صوبائی وزیر سعید غنی تھے، مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات بھی تقریب میں شریک تھیں۔
استقبالیہ خطاب میں قونصل جنرل ہاتوری نے کراچی میں تیسری قومی دن کی تقریب کی مسلسل میزبانی پر بے حد خوشی کا اظہار کیا۔
انہوں نے جاپان اور پاکستان کے دیرینہ اور خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی اور حالیہ کوششوں کو اجاگر کیا جو دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کی گئی ہیں۔
قونصل جنرل ہاتوری نے جاپان کی جانب سے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں خدمات پر بھی روشی ڈالی اور کہا کہ خصوصاً شعبۂ تعلیم، صحتِ عامہ اور آفات سے بچاؤ میں تعاون قابلِ ذکر ہے۔
گورنر سندھ نے اپنی گفتگو میں جاپانی حکومت اور عوام کو اُن کے قومی دن پر دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے جاپان کے اُس کردار کو سراہا جو پاکستانی کارکنوں اور طلبہ کی ضروریات کو پورا کرنے میں ادا کیا جا رہا ہے اور جاپان کے اُس کردار کو بھی تسلیم کیا جو پائیدار ترقی اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کا باعث ہے۔
تقریب میں خوبصورت اکیبانہ اور بونسائی کے نمائش بھی شامل تھی، جس میں مہمانوں کو جاپان کی لازوال جمالیاتی روایتوں کو پیش کیا گیا۔
تقریب کا اختتام کیک کاٹنے کی روایت اور جاپانی و پاکستانی پکوانوں پر مشتمل عشائیے کے ساتھ ہوا جو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کی علامت تھا۔