کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم کے سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور جب تک جموں و کشمیر کے غیور مسلمان آزادی کا سورج نہیں دیکھ لیتے، برصغیر کی تقسیم کا ایجنڈا ادھورا رہے گا۔ سلامتی کونسل کی قراردادیں بھارتی ہٹ دھرمی کی بھینٹ چڑھ چکی ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیریوں کو ان کی امنگوں کے مطابق جینے کا حق دیا جائے ،وہ جمعرات کی شب مرکز بہادرآباد سے متصل پارک میں یومِ یکجہتی کشمیر کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، سینئر رہنما نسرین جلیل نے کہا کہ کشمیری ماؤں، بہنوں اور بچوں نے قربانیوں کی جو لازوال داستانیں رقم کی ہیں، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی؛ ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا اور جبر کی سیاہ رات جلد ختم ہوگی ، مرکزی رہنما سید حیدر عباس رضوی کہا کہ 5فروری محض ایک تاریخ نہیں بلکہ غاصب بھارت کے خلاف تجدیدِ عہد کا دن ہے۔