• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمان مذاکرات سے قبل امریکا کی اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکا نے آج عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے والے مذاکرات سے قبل اپنے شہریوں کو ایران فوری طور پر چھوڑنے کی ہدایت پھر جاری کر دی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ورچوئل ایمبیسی نے ایران میں مقیم اپنے شہریوں کے لیے سخت ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے گزشتہ شب ایک بار پھر امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ فوراً ایران چھوڑ دیں، انتباہ میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور سفری نظام میں خلل کے باعث سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیا گیا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے مدد محدود ہو گی، اس لیے شہری اپنی حفاظت کے لیے خود انخلاء کے انتظامات کریں۔

امریکی ورچوئل ایمبیسی کے مطابق ایران میں موجود امریکی شہری امریکی حکومت کی مدد پر انحصار کیے بغیر ایران سے روانگی کا منصوبہ بنائیں۔ پروازوں کی منسوخی اور تعطل کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق اگر کسی وجہ سے ملک چھوڑنا ممکن نہ ہو تو امریکی شہری اپنی رہائش گاہ یا کسی دوسرے محفوظ مقام پر پناہ اختیار کریں اور خوراک، پانی، ادویات اور ضروری اشیاء کا ذخیرہ رکھیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران میں موجود امریکی شہری اپنی سلامتی کو اولین ترجیح دیں اور بدلتی ہوئی صورتِ حال کے پیشِ نظر انتہائی احتیاط برتیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید