فرینکفرٹ(سیّد اقبال حیدر)قومی اسمبلی کے فلور پر محمود خان اچکزئی کے بیان پر جرمنی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں سخت رنج و غصہ کا اظہار کیا گیا، پاکستان ایسوسی ایشن جرمنی کے صدر وجیہ الحسن نے اس بیان کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمود اچکزئی نے ملکی افواج اور سیکورٹی ایجنسیوں کے خلاف ایسا بیان پہلی مرتبہ نہیں دیا وہ اس سے پہلے بھی ایسے بیان دے چکے ہیں، محمود اچکزئی ملک میں دوغلی سیاست کر رہے ہیں ان کی سیاسی جماعت بلوچستان میں نواز حکومت کی پارٹنر ہے، نواز حکومت نے ان کی وفاداریوں کی قیمت بلوچستان صوبے کی گورنر شب اور چند وزارتوں کی شکل میں ادا کی ہے مگر قومی اسمبلی میں وہ اپوزیشن ڈیسک سے مرکزی حکومت کے لیے کام کرتے ہیں، بہتر ہوگا کہ محمود اچکزئی ملک دشمن سیاست سے باز رہیں۔ جرمنی کی ممتاز شخصیت مقصود حیدر نے اس بیان پر کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر فوج کے علاوہ سیاست دانوں نے کوئی کارکردگی نہیں دکھائی، نوازحکومت دہشت گردی کے خلاف جنگ کا علم راحیل شریف کے ہاتھوں میں تھما کر خاموش تماشائی بنی دکھائی دے رہی ہے، انڈیا بلوچستان اور دوسرے صوبوں میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث نظر آ رہا ہے، اب وقت آ گیا کہ ملکی سلامتی کے لئے تمام عوام ان کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔