اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان اور چین جگر کی پیوندکاری کا مشترکہ سینٹر قائم کریں گے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے حالیہ دورہ چین کے دوران چینی قیادت سے یہ اہم سنٹر لاہور میں کھولنے کا انتظام کیا ہے، اس سلسلے میں چینی وفد 27 اور 28 اگست کو لاہور کے لیور کڈنی انسٹی ٹیوٹ، شیخ زائد ہسپتال اور راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کرے گا۔ چینی وفد لاہور اور راولپنڈی کے سرکاری ہسپتالوں کے ساتھ جگر کی پیوندکاری کے عمل اور علاج کے متعلق مفاہمت کی دو دستاویزات پر دستخط کرے گا۔ لاہور اور راولپنڈی میں جگر کی پیوندکاری کے مراکز قائم کرنے کیلئے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف ضروری فنڈز جاری کریں گے۔ چین کے جگر ٹرانسپلانٹ کے ماہرین ہفتہ اور اتوار 28 اگست کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں جگر کے کینسر، جگر کی ٹرانسپلانٹ، لبلبہ کے کینسر کے مریضوں کا مفت معائنہ اور علاج کریں گے۔ یہ ٹیم پروفیسر محمد عمر ماہر امراض معدہ وجگر الائیڈ ہاسپٹلز اور پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج کی استدعا پر ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں مریضوں کا مفت معائنہ اور علاج کرے گی۔ ان ماہرین میں پروفیسر ژو، چیف پروفیسر چائنا سنٹر جی آئی ٹی اینڈ ٹرانسپلانٹ بیجنگ ہسپتال، پروفیسر لی پھنگ، پروفیسر سن لی بھی شامل ہوں گے۔ مریض اور ان کے لواحقین رجسٹریشن کیلئے معدہ و جگر سنٹر ہولی فیملی آسکتے ہیں اور 27 اگست 28 اگست کو اپنے طبی معائنے کیلئے وقت لے سکتے ہیں۔ چینی ڈاکٹروں کی عالمی شہرت یافتہ یہ ٹیم جگر ٹرانسپلانٹ کرنے کا سنٹر ہولی فیملی میں کھولنے کیلئے اپنی تجاویز و سفارشات بھی الائیڈ ہسپتالوں کے سربراہ کو دے گی۔ چینی میڈیکل ٹیم کی آمد وغیرہ کے جملہ انتظامات پاکستان سوسائٹی آف اینڈوسکوپی کے تعاون سے کئے جائیں گے اس کے علاوہ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے معدہ وجگر سنٹر کے ساتھ چینی وفد ایک ایم او یو پر دستخط کرے گی جس کے تحت مریضوں کا علاج ڈاکٹروں کی ٹریننگ بیجنگ فرینڈشپ ہسپتالوں میں کیا جائے گا۔