ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کولمبو میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ سری لنکا میں پہلی بار ایسی پِچ دیکھ رہا ہوں، ٹیم میں 3 پیسرز ہیں، جو منصوبہ بندی کی ہے اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔
میچ کے آغاز کے بعد نیدرلینڈز کی پہلی وکٹ 28 رن پر گری۔ میکس ڈووڈ 5 رن بنا کر سلمان مرزا کا شکار بنے جبکہ نیدرلینڈز کی دوسری وکٹ 31 رن پر گری جب محمد نواز نے مائیکل لیوٹ کو 24 رنز پر آؤٹ کیا۔
پاکستان کے خلاف نیدرلینڈز کی تیسری وکٹ 65 رنز پر گری جب ابرار احمد نے کولن اکرمین کو 20 رنز پر آؤٹ کیا۔
آج کے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 ٹیموں کو 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان گروپ اے میں روایتی حریف بھارت کے ساتھ شامل ہے جس کے ساتھ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول میچ بنگلادیش کے ساتھ یک جہتی کے لیے کھیلنے سے انکار کر رکھا ہے۔
پاکستان کے گروپ میں نمیبیا، نیدرلینڈز اور امریکا بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے 2009ء میں یونس خان کی قیادت میں انگلینڈ میں ٹرافی اپنے نام کی تھی جبکہ 2007ء میں جنوبی افریقا میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں رنر اپ رہا اور بھارت نے ٹائٹل جیتا تھا۔
بابر اعظم کی قیادت میں 2022ء کے ورلڈ کپ میں پاکستان کو فائنل میں انگلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ سلمان آغا اب تک 43 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی کپتانی کر چکے ہیں جن میں سے 27 میچز پاکستان نے جیتے ہیں، ایشیاء کپ 2025ء کے بعد پاکستان نے 13 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 10 میں فتوحات حاصل کی ہیں۔
پاکستان نے حال ہی میں آسٹریلیا کو 3 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا۔