• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق آسٹریلوی کرکٹر نے دبئی میں گھر بنالیا

آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے دبئی میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بریٹ لی نے اس اہم فیصلے سے اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے آگاہ کیا جہاں انہوں نے دبئی منتقل ہونے کی وجوہات اور اپنے تجربات کا تفصیل سے ذکر کیا۔

سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ابتدا میں کام کے سلسلے میں کیے جانے والے چند دورے وقت کے ساتھ ساتھ بڑے مواقع میں تبدیل ہو گئے جس کے بعد دبئی کو اپنا نیا گھر بنانے کا فیصلہ کیا۔

ان کے مطابق دبئی اب ان کی زندگی کا اہم حصہ بن چکا ہے جہاں نہ صرف پیشہ ورانہ مواقع موجود ہیں بلکہ ایک متوازن اور پُرسکون طرزِ زندگی بھی میسر ہے۔

سابق فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ دبئی میں انہیں بہترین لوگ، نئے مواقع اور خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملا ہے، اس شہر کے ماحول کو بے حد متاثر کن قرار دیتے ہوئے بریٹ لی نے کہا کہ یہاں کی توانائی اور ترقی کا جذبہ انسان کو آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے، ان کے مطابق دبئی ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہر لمحہ کچھ نیا کرنے اور سیکھنے کا احساس ہوتا ہے۔

بریٹ لی نے خاص طور پر اپنے بچوں کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے بتایا کہ ان کے بچے دبئی میں تیزی سے ترقی کر رہے ہیں، یہاں کے اسکول اعلیٰ معیار کے ہیں اور کھیلوں کی سہولیات ہر جگہ دستیاب ہیں جو بچوں کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ خاندان کے لیے یہ ماحول نہایت موزوں ثابت ہو رہا ہے۔

آسٹریلیا سے اپنی وابستگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انہیں ہمیشہ اپنے وطن کو گھر کہنے پر فخر رہے گا۔

بریٹ لی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں گزاری گئی زندگی اور یادیں ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہیں گی اور وہ کبھی تبدیل نہیں ہو سکتیں تاہم بریٹ لی کا کہنا تھا کہ دبئی میں کچھ خاص بات ہے۔

یہاں کا ماحول اور مثبت توانائی انسان کو یہ احساس دلاتی ہے کہ یہاں کچھ بھی ممکن ہے، اور یہی چیز انہیں اس شہر سے خاص طور پر جوڑے ہوئے ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید