سکھر(بیورو رپورٹ)جمعیت علمائے اسلام ضلع سکھر کا اجلاس مدرسہ جامعہ حمادیہ منزل گاہ میں مولانا مفتی سعود افضل ہالیجوی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مولانا محمد صالح انڈھڑ، حافظ عبدالحمید مہر، قاری محمد اسماعیل چوہان ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ نساسک کی غفلت کے باعث سکھر شہر کچرا کنڈی بنا ہوا ہے، قلت آب کا مسئلہ سکھر کے شہریوں کے لئے سر کا درد بنا ہوا ہے ، سیوریج کا سسٹم ناکارہ ہونے کی وجہ سے گلیوں، روڈ ، راستوں، بازاروں میں گندا پانی جمع ہونا روز کا معمول بن چکا ہے، دوسری جانب غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، اوور ریڈنگ بجلی کے بل، ٹرانسفارمر جلنا معمول بن چکا ہے اور شہری کئی کئی ہفتوں اور مہینوں بجلی سے محروم رہتے ہیں، اگر نساسک اور سیپکو انتظامیہ نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو جے یو آئی شہریوں کے حقوق کے لئے احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کی سخت مذمت کی گئی، اور مطالبہ کیا گیا کہ دہشتگرد اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں، دہشتگردی میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور انہیں سرعام پھانسی دی جائے ۔ آخر میں سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے افراد کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔