آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) سے تیار کی گئی فلم شعلے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں اس فلم کے کرداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دل کو چھو لینے والے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
اس ویڈیو میں ویرو، بسنتی اور جے جیسے مشہور کردار اپنے اصل اداکاروں ہیما مالینی، دھرمیندر اور امیتابھ بچن کے ساتھ سیلفیاں لیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ اے آئی سے دل کو گرما دینے والے مناظر پر مبنی ویڈیو میں دھرمیندر، ہیما مالینی اور امیتابھ بچن اپنے آئیکونک کرداروں سے مل رہے ہیں۔
یہ تخلیقی ویڈیو ان لیجنڈ اداکاروں اور ان کے آئیکونک کرداروں کی پرانی یادوں کو تازہ کرتی ہیں اور مداحوں کے لیے جذباتی اور یادگار لمحات پیش کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ 1975 کی کلاسک فلم شعلے کی لیجنڈری کاسٹ اور تخلیق کاروں کو سیٹ پر نوجوانی اور ڈھلتی عمروں میں اے آئی سے تخلیق کردہ ویڈیو میں یکجا کرکے خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
اس جذباتی اور یادگار کلپ میں بلاک بسٹر فلم کے مشہور مناظر کو اس کے ستاروں کی موجودہ دور کی جھلک کے ساتھ خوبصورتی سے دکھایا گیا ہے، جس نے سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے۔ ویڈیو میں فلم کے اداکار اور مصنفین اپنے فلم بندی کے عہد نوجوانی اور عمر رسیدہ روپ میں آمنے سامنے ہوتے نظر آتے ہیں۔
دریں اثنا عمر رسیدہ امیتابھ بچن اپنے مشہور کردار جے کے روپ میں نظر آنے والے اپنے نوجوان عکس کے مقابل دکھائی دیتے ہیں، جو ماضی اور حال کے درمیان ایک مضبوط وژیول کنٹراسٹ پیدا کرتا ہے۔ اسی طرح جیا بچن جنھوں نے فلم میں رادھا کا کردار ادا کیا تھا، اپنے کم عمر روپ کے ساتھ ایک نرم مسکراہٹ کے ساتھ نظر آتی ہیں۔