• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اداکارائیں اپنی شادی پر کرائے کے جوڑے اور زیورات پہنتی ہیں: لائبہ خان

لائیہ خان— فائل فوٹو
لائیہ خان— فائل فوٹو

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے پاکستانی معروف اداکارہ لائبہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ زیادہ تر اداکارائیں اپنی شادی پر کرائے کے جوڑے اور زیورات پہنتی ہیں۔

لائبہ خان گزشتہ ماہ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں، تاہم شادی سے قبل دیے گئے ان کے ایک انٹرویو کے مختصر ویڈیو کلپس اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کلپ میں اداکارہ نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کل یہ ٹرینڈ ختم ہو رہا ہے کہ آپ مہنگے عروسی جوڑے لے کر رکھ لیں کیونکہ یہ جوڑا ایک بار ہی پہننا ہوتا ہے اس کے بعد کسی دوسرے کی شادی میں دلہن بن کے جانا اچھا نہیں لگتا۔

انہوں نے کہا کہ میں شوبز شخصیات کے حوالے سے بات کروں گی، تو ہمیں ڈیزائنرز کپڑے جیولری دے دیتے ہیں، جو ہم پہن کر انہیں واپس کر دیتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ میں نے بھی ایسا ہی کچھ سوچا ہے اپنی شادی کے لیے لیکن میں پھر بھی اپنا جوڑا تھوڑا کسٹمائز کرواؤں گی کیونکہ مجھے بچپن سے شادی کا شوق تھا اور میرے ارمان ہیں کہ میں اپنی شادی پر کیسے تیار ہوں گی اور کیسا جوڑا پہنوں گی۔

لائبہ خان نے کہا کہ شادی ایک بار پوتی ہے اس لیے اگر کوئی مینج کر سکتا ہے تو ضرور ہر طرح کے جوڑے پہنے، تھوڑا بہت خرچہ ہو جائے تو کوئی بات نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شادی کا اصل مقصد خوشی اور نئے رشتے کی شروعات ہے، نہ کہ مہنگے لباس کی نمائش۔

اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ سادگی اپنانے میں کوئی حرج نہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب عام لوگوں کے لیے معاشی حالات چیلنج بنے ہوئے ہیں۔

لائبہ خان کے اس بیان کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں کئی افراد نے ان کے مؤقف کو حقیقت پسندانہ اور قابلِ تقلید قرار دیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید