حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ لائبہ خان نے نئی دلہنوں کو اہم مشورہ دیا ہے کہ وہ مہنگے شادی کے جوڑوں پر لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بجائے سونے میں سرمایہ کاری کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں لائبہ خان نے کہا کہ دلہن کا لباس عام طور پر صرف ایک بار پہنا جاتا ہے، اس لیے لاکھوں روپے خرچ کرنے کے بجائے کرائے پر لینا بہتر ہے۔ اس کے برعکس، سونے کے زیورات شادی کے بعد بھی کارآمد رہتے ہیں اور مستقبل کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہوتے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ بچپن سے شادی کا شوق تھا، لیکن وقت کے ساتھ یہ سمجھ آئی کہ شادی صرف ایک تقریب نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے جو زندگی کو مکمل طور پر بدل دیتی ہے۔ ان کے مطابق شادی سے پہلے ذہنی طور پر تیار ہونا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر کوئی شخص شادی کی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے تیار نہیں ہے تو صرف خواہش کی بنیاد پر شادی نہیں کرنی چاہیے۔ شادی کے بعد کی ذمہ داریوں کو سمجھنا اور انہیں پورا کرنے کی صلاحیت رکھنا لازمی ہے۔
لائبہ خان نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے شادی کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہی تھیں اور جب انہیں لگا کہ وقت بالکل درست ہے تو انہوں نے اپنے خاندان سے بات کی اور شادی کا فیصلہ کیا۔