گووندا اور سنیتا آہوجا کی علیحدگی کی خبروں پر بیٹی ٹینا آہوجا نے خاموشی توڑ دی۔
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سُنیتا آہوجا کی علیحدگی کی افواہیں گزشتہ سال سے گردش کر رہی ہیں، ابتدائی طور پر دونوں نے ان خبروں کی تردید کی تھی، تاہم دسمبر 2024ء میں سُنیتا کی جانب سے طلاق کا کیس دائر کیے جانے کی رپورٹ کے بعد ایک بار پھر یہ معاملہ خبروں کی زینت بنا۔
ٹینا آہوجا نے ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب افواہیں ہیں، میڈیا کو ان باتوں پر دھیان نہیں دینا چاہیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں اپنے والدین کے معاملات پر زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتی، میرے والد تو ابھی ملک سے باہر ہیں، میں اپنے خاندان کو نعمت سمجھتی ہوں اور میڈیا و مداحوں کی محبت اور فکر مندی کی شکر گزار ہوں۔
دوسری جانب 22 اگست 2025ء کو گووندا طلاق کی خبروں کے بعد پہلی مرتبہ عوامی تقریب میں نظر آئے، وہ سفید جینز، سفید جیکٹ اور ٹی شرٹ میں ملبوس تھے۔
فوٹوگرافروں کو دیکھ کر انہوں نے مسکرا کر پوز دیا اور ہاتھ ہلایا، گووندا کے انداز سے بظاہر یہ تاثر ملا کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کے تنازع سے متاثر نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ سُنیتا آہوجا نے بیندرا فیملی کورٹ میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے اپنے شوہر پر بےوفائی، ظلم، فریب اور ترکِ تعلق جیسے سنگین الزامات لگائے ہیں، تاہم گووندا اب تک کسی بھی عدالتی کارروائی میں شریک نہیں ہوئے اور حتیٰ کہ عدالت کی جانب سے مقرر کردہ کونسلنگ سیشن میں بھی غیر حاضر رہے۔