• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عماد وسیم نائلہ راجہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے

عماد وسیم : فائل فوٹو
عماد وسیم : فائل فوٹو 

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم سوشل میڈیا انفلوئنسر نائلہ راجہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری بیان میں عماد وسیم نے اپنی ذاتی زندگی، سابقہ شادی اور حالیہ نکاح سے متعلق پہلی بار تفصیلی مؤقف دیا۔

اپنے پیغام میں عماد وسیم  نے کہا کہ ناکام شادی ان کی زندگی کے مشکل ترین ادوار میں سے ایک تھی، تاہم اسی رشتے سے انہیں ان کے بچوں جیسی سب سے بڑی نعمت ملی، جن سے ان کی محبت ہمیشہ قائم رہے گی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ رشتے کو بچانے کی کوشش میں ضرورت سے زیادہ دیر تک رکے رہے اور کچھ فیصلے ایسے کیے جن پر انہیں افسوس ہے۔ 

ان کے مطابق ان کی خاموشی اور تاخیر کی وجہ سے ایک ’بے گناہ شخص‘ کو غیر منصفانہ تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جس کی ذمہ داری وہ خود قبول کرتے ہیں۔

عماد وسیم  نے تصدیق کی کہ وہ اب انفلوئنسر نائیلہ راجہ سے شادی کر چکے ہیں اور یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا تاکہ سکون، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی زندگی شروع کی جا سکے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ نائلہ نے ان کی زندگی میں سکون اور حوصلہ پیدا کیا ہے اور وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔

عماد وسیم نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ ان کی اولین ترجیح ان کے بچے ہیں، مگر کوشش کے باوجود وہ اس وقت ان سے مل نہیں پا رہے۔

 انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ بچوں کی زندگی میں مثبت اور فعال کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

آخر میں عماد وسیم نے عوام سے اپیل کی کہ ان کی ذاتی زندگی کا احترام کیا جائے اور ہر معاملے کو عوامی بحث کا موضوع نہ بنایا جائے۔ 

خیال رہے کہ عماد وسیم کی 2019 میں ثانیہ اشفاق سے شادی ہوئی تھی اور دونوں کے 3 بچے ہیں۔

دسمبر 2025 میں عماد وسیم نے اپنی اہلیہ سے علیحدگی کے لیے کیس دائر کیا تھا۔

اپنی ازدواجی زندگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عماد وسیم نےکہا تھا کہ کافی سوچ بچار کی، میرے اور اہلیہ کے درمیان کچھ برسوں سے اختلافات حل نہ ہوسکے اس لیے اب میں نے طلاق کے لیے کیس دائر کردیا ہے۔

عماد وسیم کا یہ بھی کہنا تھا کہ سب سے درخواست ہےکہ ہماری نجی زندگی کا خیال رکھا جائے، پرانی تصاویر کے اوپر دھیان نہ دیں کسی کے ساتھ نہ جوڑا جائے اور کوئی بیانیہ تشکیل دینے سے گریز کیا جائے۔

دوسری جانب عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق اس معاملے پر پھٹ پڑیں اور انسٹاگرام اسٹوری میں عماد وسیم کی دوسری شادی کی ویڈیوز اور تصویر جاری کردیں۔

ثانیہ اشفاق کا کہنا تھا کہ اب سب کے سامنے ثبوت آچکے ہیں، میں اپنے بچوں کے لیے انصاف چاہتی ہوں۔ انہوں نے عماد وسیم اور ان کی نئی بیوی کو سخت تنقید کا بھی نشانہ بنایا۔


کھیلوں کی خبریں سے مزید