بھارت کے شہر اندور کا ایک عجیب و غریب واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ایک شخص نے اپنی گرل فرینڈ کا قتل کرنے کے بعد اس کی روح کو بلانے کی کوشش کی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اندور کے علاقے دوارکاپوری میں پیوش دھمنوتیا نامی ملزم نے اپنی گرل فرینڈ ایم بی اے کی طالبہ کا وحشیانہ انداز میں قتل کر دیا، اس کیس کی تفتیش کے دوران سامنے آنے والی تفصیلات نے پورے شہر میں تہلکا مچا دیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کے گھر کے قریب لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج سے یہ معلوم ہوا ہے کہ وہ 10 فروری کو ایک طالب علم کے ساتھ اپنے گھر پہنچا لیکن پھر تقریباً ڈھائی گھنٹے بعد ایک بیگ اٹھائے اکیلے اپنے گھر سے باہر گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے طالبہ پر جنسی تعلق کے لیے دباؤ ڈالا جب طالبہ نے انکار کیا تو ملزم نے طالبہ کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اس کے ساتھ زبردستی کرنے کی کوشش کی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ جب طالبہ نے مزاحمت جاری رکھی تو ملزم نے اس کے منہ میں کپڑا ٹھونس دیا اور گلا دبا دیا جب طالبہ کی سانسیں رک گئیں اور وہ بے ہوش ہو گئی تو اس کے سینے پر چاقو سے وار کر کے اسے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق یہ ظلم موت پر ختم نہیں ہوا بلکہ ملزم قتل کرنے کے بعد باہر نکلا اور شراب خریدی، گھر واپس جا کر لاش کے پاس بیٹھ کر شراب پی اور لاش کے ساتھ جنسی زیادتی بھی کی۔
پولیس نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ پیش آنے سے ایک دن پہلے طالبہ اپنے والد سے یہ کہا کہ اسے اپنا آدھار (شناختی) کارڈ صحیح کروانا ہے اور پھر اس کے والد نے اسے کلیکٹریٹ کے قریب چھوڑ دیا جہاں سے اس نے اپنی چھوٹی بہن کو فون کر کے کہا کہ وہ اپنے ہم جماعت پیوش دھمنوتیا کے ساتھ ایک سالگرہ کی تقریب میں جا رہی ہے اور رات 11 بجے تک واپس آ جائے گی۔
پولیس کے مطابق رات 11 بجے طالبہ کے فون سے اس کی بہن کو ایک تشویش ناک میسج موصول ہوا کہ ’پاپا کو بتاؤ کہ وہ گھر واپس نہیں آئے گی‘۔
پولیس نے بتایا کہ طالبہ کا قتل کرنے کے بعد ملزم ممبئی فرار ہو گیا جہاں وہ کئی ہوٹلوں میں ٹھہرا اور ثبوت مٹانے کے لیے اس نے طالبہ کا موبائل فون بھی توڑ دیا۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران تہلکا خیز انکشاف مہاراشٹر میں ہوا جہاں ملزم کو ایک دور دراز علاقے میں کالا جادو کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پایا گیا، جب اس سے ایسا کرنے کی وجہ پوچھی گئی تو اس نے بتایا کہ وہ قتل کے بعد سے ذہنی دباؤ کا شکار ہے اس لیے اپنی گرل فرینڈ کی روح سے بات کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
ملزم نے اپنے بیان میں پولیس کو یہ بھی بتایا کہ اس کا اپنی گرل فرینڈ سے جھگڑا اس لیے ہوا کہ گرل فرینڈ کے گھر والے شادی کے لیے نہیں مان رہے تھے۔