• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان اکرم راجہ کا محسن نقوی کے بیان پر ردِعمل

سلمان اکرم راجہ---فائل فوٹو
سلمان اکرم راجہ---فائل فوٹو

بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے کوئی سیاست نہیں کی، یہ بات غلط ہے، ہم نے ایک جملہ سننا ہے کہ بانی خود کہیں کہ میری آنکھ اب بہتر ہے بس۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عاصم یوسف بانی کے ذاتی معالج ہیں ان کو اندر کیوں نہیں بھیجا جا رہا، ڈاکٹر عاصم یوسف پہلے بھی 5 مرتبہ طبی معائنہ کر چکے ہیں، اب کیا مسئلہ ہے، سرکاری رپورٹ میں جو بات آئی ہے ہم اس کی توثیق چاہتے ہیں، بیرسٹر سلمان صفدر نےجو رپورٹ دی اس کے مطابق آنکھ میں مسئلہ ہے، سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ بہتری آئی ہے، ڈاکٹر عاصم یوسف جب اندر جائیں گے وہ بتائیں گے کہ اصل صورتحال کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم سب راستے اختیار کر رہے ہیں ہم عدالتوں میں بھی جا رہے ہیں، چیف جسٹس صاحب نے نوٹس لیا اس کے بعد بانی کی بچوں سے بات ہوئی، ہم چاہتے ہیں یہ معاملہ اب آگے بڑھے ذاتی معالج سے ملاقات کرائی جائے، سلمان صفدر کی ملاقات بطور فرینڈ آف کورٹ تھی، سلمان صفدر نے بتایا کہ بانی نے بائیں آنکھ بند کر کے دیکھا تو کہا کہ سلمان مجھے آپ کا چہرہ نظر نہیں آیا، اب اگر علاج کے نتیجے میں کوئی بہتری آئی ہے تو اچھی بات ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی کے ذاتی معالج کو رسائی دی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں ملاقات کے لیے آئے ہیں باقی ساتھی پارلیمنٹ اور کے پی ہاؤس میں ہیں، آج شام ہم پھر مشاورت کریں گے، ہم نے عدالت میں کوئی انڈر ٹیکنگ نہیں دی تھی، ہم نے کہا تھا کہ جیل کے گیٹ پر ہم بات نہیں کریں گے، ہمیں کیسے اطمینان ہو گا جب تک سرکاری رپورٹ کی توثیق نہیں ہو گی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ذاتی معالج کو رسائی نہ دینے کا مقصد اس معاملے کو ابہام میں رکھنا ہے، قاسم زمان کا نام آیا تھا وہ خاندان کا فرد ہے، یہ بتایا گیا کہ فیملی یا ذاتی معالج کو رسائی دی جائے، ہم نے ڈاکٹر عامر اعوان، ڈاکٹر مظہر اسحاق کا نام دیا تھا، ہمیں بتایا گیا کہ یہ نام قابلِ قبول نہیں ہیں، ہم نے اس لیے ان ڈاکٹرز کے نام دیے، ان کی اچھی شہرت ہے۔

قومی خبریں سے مزید