بالی ووڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا نے حالیہ انٹرویوز میں ماضی کے تنازعات پر اظہارِ خیال کیا ہے۔
سنیتا آہوجا نے گووندا کو معاف کرنے کی اپنی نیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سدھر جائیں اور ہمارے مطابق رہیں تو انہیں معاف کر دوں گی۔
انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب خبریں میں نہیں سننا چاہتی، عمر ایسی نہیں کہ ہر چیز پر دھیان دیا جائے، میں مینوپاز سے گزر رہی ہوں، اس وقت ہر عورت کو اپنے شوہر اور بچوں کی محبت اور حمایت کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ذہنی سکون ملے اور دباؤ نہ ہو۔
گووندا کی اہلیہ نے کہا کہ گووندا میڈیا میں آنے والے الزامات کو ہنس کر ٹال دیتے ہیں اور ان کے جوابات سمجھ میں نہیں آتے۔
سنیتا نے گووندا کی موجودہ صحبت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ جب تک میں انہیں سنبھالتی رہی، انہیں پھول کی طرح رکھا، لیکن اب نئے منیجرز آ گئے ہیں اور وہ اپنی اسٹارڈم کے اختتام کو سمجھ نہیں پا رہے۔
دوسری جانب گووندا نے الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ میں نے فلمی سیٹس پر ہمیشہ پیشہ ورانہ رویہ اپنایا اور کبھی بھی ساتھی اداکاراؤں یا ہیروئنز کے ساتھ بدتمیزی نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ میری کوئی اداکارہ یہ نہیں کہہ سکتی کہ میں نے انہیں تنگ کیا یا نامناسب بات کی، میں تمام ساتھی اداکاروں کا شکر گزار ہوں، میری ماں بھی اداکارہ تھیں، میں کبھی بھی کسی کے ساتھ بدتمیزی نہیں کرتا۔
گووندا نے نئے اداکاروں کے لیے بھی معافی کا پیغام دیا اور کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ نئی آنے والی اداکارائیں مجھ سے کام کرنے میں خوفزدہ نہ ہوں۔
انہوں نے اپنی ماں کی نصیحت یاد دلاتے ہوئے کہا کہ خاندان کے افراد کبھی دھوکا دے سکتے ہیں، لیکن دنیا تم سے محبت کرتی ہے۔
واضح رہے کہ گووندا اور سونیتا 1987ء سے شادی شدہ ہیں اور ان کے 2 بچے ہیں۔