بھارتی کرکٹر راہول چاہر نے اہلیہ ایشانی جوہر سے علیحدگی کی تصدیق کردی۔
راہول چاہر نے اپنے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ان کی اہلیہ ایشانی جوہر سے طلاق ہو گئی ہے، یوں ساڑھے تین سال سے زائد عرصہ پر مشتمل شادی کا باضابطہ اختتام ہو گیا۔
دونوں کی شادی 9 مارچ 2022 کو گوا میں ہوئی تھی، چاہر کے مطابق گزشتہ 15 ماہ عدالتی کارروائی میں گزرے جس کے بعد معاملہ قانونی طور پر طے پا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مرحلہ ان کی زندگی کا سبق آموز دور تھا اور اب وہ خود اعتمادی اور سکون کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
بھارتی کرکٹر راہول چاہر اب آئندہ سیزن میں چنئی سپر کنگز کی نمائندگی کریں گے، جس نے انہیں 5.20 کروڑ روپے میں خریدا تھا، اس سے پہلے وہ سن رائزرز حیدرآباد سے ریلیز ہوئے تھے۔
آئی پی ایل کیریئر میں وہ رائزنگ پونے سپر جائنٹ، ممبئی انڈینز اور پنجاب کنگز کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں، انہوں نے 79 میچوں میں 75 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
راہول چاہر نے بھارتی ٹیم کی جانب سے 1 ون ڈے اور 6 ٹی20 میچ کھیلے ہیں، انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ ٹی20 ورلڈ کپ 2021 میں کھیلا تھا۔