• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں ’ہنسنا منع ہے‘ کیلئے پہلی ترجیح نہیں تھا: تابش ہاشمی کا انکشاف

تابش ہاشمی — فائل فوٹو
تابش ہاشمی — فائل فوٹو

’جیو نیوز‘ کے مقبول پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ کے میزبان اور اسٹینڈ اپ کامیڈین تابش ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ پروگرام ہنسنا منع ہے کے لیے میں پہلی ترجیح نہیں تھا بلکہ میری جگہ صبا قمر کا نام زیرِ غور تھا۔

’ہنسنا منع ہے‘ کے حال ہی میں نشر ہونے والے پروگرام میں معروف اداکارہ صبا قمر نے بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی سُپر ہٹ ڈرامہ سیریل کیس نمبر 9 سمیت دیگر پروجیکٹس کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

دورانِ شو تابش ہاشمی نے مزاحیہ انداز میں دعویٰ کیا کہ چینل ابتدائی طور پر اس شو کے لیے صبا قمر کو سائن کرنا چاہتا تھا۔

اسٹیج پر ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے تابش اپنی نشست سے اٹھ کھڑے ہوئے اور شہرۂ آفاق پروگرام ’ہم سب امید سے ہیں‘ کے تناظر میں کہا کہ وہ (صبا قمر) دراصل جیو کا اصل چہرہ ہیں، پھر میزبان نے اپنی نشست اداکارہ کو دے دی۔

حاضرین و ناظرین سے گفتگو کرتے ہوئے تابش ہاشمی نے کہا کہ میں سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہنسنا منع ہے کی میزبانی کے لیے میں پہلی ترجیح نہیں تھا، بلکہ صبا قمر تھیں۔

میزبان نے اپنے مخصوص انداز میں مذاق کرتے ہوئے مزید کہا کہ پھر جیو نے سوچا کہ پروگرام اچھا بھی کرنا ہے تو مجھے ہائیر کر لیا، نہیں میں مذاق کر رہا ہوں۔

اس پر صبا قمر نے قہقہہ لگاتے ہوئے برجستہ جواب دیا اور کہا کہ رکیے، رکیے، جیو جس بجٹ کی پیشکش کر رہا تھا، اس پر صرف تابش ہاشمی ہی رضامند ہو سکتے تھے، صبا قمر نہیں آتیں۔

ان کے اس جملے پر حاضرین نے تالیاں بجا کر داد دی۔

تابش ہاشمی نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور اسٹینڈ اپ کامیڈین کیا اور طنز و مزاح اور مشاہداتی کامیڈی کے ذریعے پہچان حاصل کی، جس کے بعد وہ ٹی وی میزبانی کی جانب آئے، ہنسنا منع ہے کے ذریعے انہیں قومی سطح پر شہرت ملی، جہاں ان کی برجستہ مزاح، سیاسی طنز اور معروف شخصیات کے انٹرویوز نے پروگرام کو ’جیو نیوز‘ کے مقبول ترین شوز میں شامل کر دیا۔

اب تابش ہاشمی فلم آگ لگے بستی میں، میں بھی جلوہ گر ہو رہے ہیں، جس میں مرکزی کردار فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان نبھا رہے ہیں، فلم عیدالفطر کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

دوسری جانب صبا قمر کو پاکستان کی باصلاحیت اور ہمہ جہت اداکاراؤں میں شمار کیا جاتا ہے، انہوں نے ڈرامہ سیریل باغی اور چیخ میں اپنی جاندار اداکاری کے جوہر دکھائے جبکہ بالی ووڈ فلم ہندی میڈیم میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔

اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں وہ ’ہم سب امید سے ہیں‘ کی میزبانی کے باعث گھر گھر پہچانی گئیں، جو پاکستان کے مقبول ترین طنز و مزاح سے بھرپور پروگراموں میں شمار ہوتا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید