پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ عالمی شہرت یافتہ اداکارہ صبا قمر نے اپنے ڈرامہ سیریل معمہ کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والا خوفناک واقعہ سُنا دیا۔
حال ہی میں صبا قمر نے جیو نیوز کے پروگرام ہنسنا منع ہے میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والا ایک خوفناک تجربہ بیان کیا۔
صبا قمر نے بتایا کہ میرے میک اپ آرٹسٹ کو کسی نے تھپڑ مارا تھا۔ دراصل ہم معمہ کے سیٹ پر تھے جب وہ وضو کرنے گئے تو کسی نے پیچھے سے انہیں تھپڑ مارا، جس سے ہم سب خوف کا شکار ہوگئے کیونکہ وہ کوئی ماورائی مخلوق تھی، انہیں (میک اپ آرٹسٹ کو) کچھ نظر نہیں آیا تھا، وہ کوئی ان دیکھی چیز تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ مجھے ایسی ماورائی مخلوق پر یقین ہے، ایسی چیزیں ہوتی ہیں، شاید ہم نے ان کی جگہ میں مداخلت کی ہو، مگر اس واقعے کے بعد ہم سب خوفزدہ ہو گئے تھے اور نئی لوکیشن پر منتقل ہونے کا سوچنے لگے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 60 فیصد شوٹنگ مکمل کرلی تھی، اس لیے میں نے کہا کہ میں اپنا کام مکمل کروں گی چاہے وہاں کتنے ہی جنات کیوں نہ آ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے انسان سے بڑا شیطان کوئی نہیں اور میں نے زندگی میں کافی کچھ دیکھ لیا ہے، اس لیے مجھے اب جنات اور بھوتوں سے ڈر نہیں لگتا۔
صبا قمر کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جبکہ کئی افراد اس واقعے کو دلچسپی اور حیرت کے ساتھ دیکھ رہے ہیں۔