مشہور بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے گزشتہ ماہ اپنے کیریئر کے عروج پر پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے بعد اب اپنے مداحوں کو خصوصی پیغام دیا ہے۔
ارجیت سنگھ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ پر اپنے جذباتی پیغام میں لکھا کہ یہ پیغام صرف میرے مداحوں کے لیے ہے، اس لیے وہ لوگ جو میرے گانے نہیں سنتے، وہ اسے نہ پڑھیں۔
اُنہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ میں آپ سب سے بہت پیار کرتا ہوں۔
بھارتی گلوکار نے لکھا کہ اگرچہ میں نے نئے کام لینا چھوڑ دیا ہے لیکن ابھی میرے گانوں کی فہرست بھی چھوٹی نہیں ہے جو زیر التواء ہیں۔ آپ سب جانتے ہیں کہ مجھے ابھی بہت سارے گانے مکمل کرنے ہوں گے۔
اُنہوں نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ لوگوں کو سمجھانے میں مت پڑیں، آپ ایسا کتنی بار کریں گے؟ ابھی بہت سارے نامکمل گانے ہیں جو مکمل ہونے کے بعد ریلیز ہوتے رہیں گے اور شاید اس کام میں یہ پورا سال ہی لگ جائے گا بلکہ ہوسکتا ہے کہ کچھ گانے اگلے سال بھی ریلیز ہوں۔
ارجیت سنگھ نے لکھا کہ پرامن رہیں، سوشل میڈیا سے باہر نکلنے کی کوشش کریں اور اپنی صحت کا خیال رکھیں۔