مشہور بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ نے اچانک اپنے کیریئر کے عروج پر پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے مداحوں اور فلمی دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
گلوکار ارجیت سنگھ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ وہ اب فلموں کے لیے بطور گلوکار کوئی نیا کام قبول نہیں کریں گے۔
ارجیت سنگھ کا یہ اعلان حال ہی میں سلمان خان کی فلم ’بیٹل آف گلوان‘ کے لیے شریا گھوشال کے ساتھ گائے گئے گانے ’ماتروبھومی‘ کی ریلیز کے بعد سامنے آیا ہے۔
ارجیت سنگھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کے اس فیصلے کے پیچھے ایک نہیں بلکہ کئی وجوہات ہیں، وہ جلدی اکتا جاتے ہیں اور طویل عرصے سے فلمی سنگنگ سے دور ہونے کا سوچ رہے تھے۔
ارجیت سنگھ کے مطابق فلمی موسیقی کی حدود اور مسلسل کام نے اِنہیں تھکا دیا تھا۔
واضح رہے کہ ارجیت سنگھ نے بطور گلوکار اپنے کیریئر کا آغاز 2005ء میں کیا تھا اور 2010ء میں انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا جبکہ 2013ء میں فلم ‘عاشقی 2‘ نے اِنہیں بے مثال شہرت دلوائی تھی۔
ارجیت سنگھ اب تک 800 سے زائد گانے گا چکے ہیں اور گزشتہ 15 برسوں سے مسلسل فلموں اور لائیو شوز میں مصروف رہے ہیں۔
گلوکار کے قریبی ذرائع کے مطابق ارجیت سنگھ نے موسیقی کو خیرباد نہیں کہا بلکہ وہ فلموں سے دور ہو کر آزادانہ طور پر اپنی مرضی کا میوزک بنانا چاہتے ہیں جبکہ اِن کے مداحوں کا ماننا ہے کہ یہ اختتام نہیں بلکہ ایک نئے سفر کی شروعات ہے۔
ارجیت سنگھ نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا ہے کہ ’میں آپ سب کا شکر گزار ہوں، یہ ایک خوبصورت سفر تھا لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ میں پلے بیک سنگنگ سے آگے بڑھوں۔‘
گلوکار ارجیت سنگھ کے مداح اب ان کے اگلے اقدام کا انتظار کر رہے ہیں۔