• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے کہا ہے :ایران کے پاس بہت زیادہ بیلسٹک میزائل موجود ہیں ۔ ایران خطے میں ہمارے اڈوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ہم کسی خوشی سے تو ایران کے گرد گھیرا ڈالے نہیں بیٹھے ۔ بندہ ان سے پوچھے کہ آپ اپنے اڈے گھسیٹ کر ایران سے کچھ دور لے جائیں ۔ مشرقِ وسطی ٰ میں انیس مقامات پر پچاس ہزار امریکی فوجی موجود ہیں ۔دوسری طرف دنیا کی سب سے بڑی معیشت 38ہزار ارب ڈالر کی مقروض ہے ۔

قرض کی پیتے تھے مے لیکن سمجھتے تھے کہ ہاں

رنگ لاوے گی ہماری فاقہ مستی ایک دن

لیبیا سے لے کر افغانستان اور یوکرین سے فلسطین تک ، امریکی دنیا کےٹھیکے دار بنے بیٹھے ہیں ۔ اور تو اور وینزویلا کا صدر ہی اغوا کر لیا ۔ اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی نے پچھلے دنوں ایک انٹرویو میں فرمایا: فرات سے لے کر دریائے نیل تک کی سرزمین اللّٰہ نے ابراہیم ؑ کی اولاد (اسرائیل )سے وعدہ کر رکھی ہے ۔اسرائیل اگر اس پر قابض ہو جائے تو اس میں کیا مضائقہ ہے ۔ اینکر کی چیخ نکل گئی ۔ اس نے کہا : وہاں تو اب بڑے بڑے عرب ممالک آباد ہیں ۔اردن ،لبنان،شام اور حتیٰ کہ سعودی عرب کے کچھ علاقے ۔ عرب بادشاہتیں ہکابی کے اس اظہارِخیال پہ سیخ پا ہوئیں مگر کر کیا سکتی ہیں۔

سوشل میڈیا پہ جہاں جہاں یہ ویڈیو پھیلی ، اسرائیلی مائیک ہکابی کو دعائوں سے نوازتے پائے گئے ۔ انٹریو لینے والے پہ وہ سیخ پا تھے ۔ عجیب بات یہ ہے کہ پچھلے دو برس میں ستر ہزار فلسطینی شہریوں کو شہید کرنے والے یہودی بھی خود کو حق پر سمجھتے ہیں ۔ گزشتہ برس ایران پہ حملہ کرنے سے پہلے نیتن یاہو دیوارِ گریہ پہ گیا اور خدا سے کامیابی کی دعا کی ۔ غزوہ ء بدر سے پہلے کفارِ مکہ نے غلافِ کعبہ سے لپٹ کر یہ دعا کی کہ اللّٰہ حق کو فتح عطا فرمائے ۔ قرآن بتا تاہے کہ ان کی دعا پوری ہوئی اور وہ ہار گئے ۔

کرہ ارض کے سب سے بڑے درندے نیتن یاہو نے اسرائیلی پارلیمنٹ کو بتایا کہ ایران کے ساتھ کشیدگی کی وجہ سے اسرائیل بے حد پیچیدہ اور مشکل دنوں سے گزر رہا ہے ۔سب جانتے ہیں کہ خود ایران بھی بے حد تکلیف دہ ایام سے گزر رہاہے ۔معاشی پابندیوں کی وجہ سے پچھلے بیس برس سے وہ بھوک پیاس برداشت کر رہا ہے ۔یہودیوں نے ایک حکمتِ عملی یہ اختیار کی ہے کہ صیہونی سرمایہ کار امریکی الیکشن پہ اثر انداز ہونا سیکھ گئے ہیں ۔ عالمی میڈیا پہ ان کی اجارہ داری ہے ۔ ایپسٹین جیسے نیٹ ورک قائم کیے جاتے ہیں ، جو اعلیٰ ترین امریکی حکام کو بلیک میل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں ۔اسکے بعد امریکہ سے وہ سرمایہ اور فلسطینیوں کی نسل کشی میں تعاون حاصل کرتے ہیں ۔ یہودیوں کی تاریخ یہ ہے کہ ہمیشہ وہ تمام دنیاوی فیکٹرز کو اپنے حق میں رام کرلیتے ہیں لیکن یہ بھول جاتے ہیں کہ اس دنیا کا ایک خدا بھی ہے ۔رسالت مآب کو اگر وہ نبی نہیں مانتے تو خدا سے برسرِ جنگ ہیں ۔خدا سے کون جیت سکتاہے۔وہ اپنی چال چلتے ہیں اور خدا اپنی چال چلتا ہے اور خدا بہتر چال چلنے والا ہے ۔آلِ عمران 3۔ گزشتہ دنوں ایک سروے میں نیتن یاہو دنیا کی سب سے زیادہ ناپسندیدہ شخصیت بن کر ابھرا ۔ یہ پہلی بار نہیں ، کئی بار عالمی رائے عامہ ان کے خلاف ہموار ہوئی ۔ کئی بار وہ عالمی ذلت سے دوچار ہوئے۔

غزہ اور مغربی کنارے کی صورتِ حال آپ کےسامنے ہے ۔ کرہ ء ارض سنور سکتاہے ، اگر نیتن یاہو، پیوٹن، ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ سمیت عالمی رہنماایک میز پر بیٹھیں لیکن انسان کی سرشت میں قتل و غارت ہے ۔ اس کی وجہ سے وہ خود بھی تکلیف سے گزرتا ہے اور دوسروں کوبھی تکلیف سے گزارتا ہے ۔ مائیک ہکابی اگر مشرقِ وسطیٰ اسرائیلی ملکیت قرار دینے کا اظہار نہ بھی کرتے تو کیا فرق پڑتا ۔ اندر خانے سب جانتے ہیں کہ جب اسرائیل کو موقع ملا ، وہ مشرقِ وسطیٰ کی اینٹ سے اینٹ بجادے گا ۔

جیرالڈ آف فورڈ اور ابرہام لنکن، دو طیارہ بردار امریکی جہاز مشرقِ وسطیٰ میں موجود ہیں تاکہ ایران کی اینٹ سے اینٹ بجا دی جائے ۔ ایران آبنائے ہرمز میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کاتجربہ کر رہا ہے ۔ صدر ٹرمپ کے ایلچی سٹیو ٹکوف نے کہا کہ صدر نے حیرت زدہ ہو کر ان سے پوچھا کہ ایران ہتھیار کیوں نہیں ڈال رہا ۔ یعنی امریکی عسکری شان و شوکت دیکھنے کے باوجود۔ سٹیوٹکوف نے یہ بھی کہا کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے سے صرف ایک ہفتہ دور ہے ۔ یہ چورن دو دہائیوں سے بیچا جا رہا ہے ۔ گزشتہ بیس برس میں مگر ابھی تک یہ ایک ہفتہ مکمل نہ ہو سکا۔

برطانوی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے روس سے پچاس کروڑ یورو مالیت کا خفیہ معاہدہ کیا۔ روس ایران کو تین برس میں پانچ سو لانچر ، 2500میزائل فراہم کرے گا۔ کچھ سامان پہلے ہی ایران پہنچ چکا ہے ۔ کم بلندی پر اڑنے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے خلاف ایرانی دفاعی صلاحیت بڑھے گی۔

یوکرین پر روسی حملوں میں شدت آگئی ہے۔ کیف کے نواحی علاقوں میں تباہی عروج پر ہے۔ ڈرونز اورمیزائلوں کی بارش ہو رہی ہے ۔ انسانوں کو مگر یقین ہے کہ وہ درست سمت میں بڑھ رہے ہیں۔

وحشت میں ہر اک نقشہ الٹا نظر آتا ہے

مجنوں نظر آتی ہے لیلیٰ نظرآتا ہے

خوں ریزی کی حیوانی جبلت نے کرہ ء ارض کو لہولہان کر ڈالا ہے۔ دنیا کتنی خوبصورت تھی، انسان نے کیسے اسے تباہ کر ڈالا۔

بحر و بر فساد سے اٹ گئے اور لوگوں کے اپنے ہاتھ کی کمائی ہے۔ سورۃ الروم 41

تازہ ترین