کھوج ……
وہ رات کی تاریکی میں سڑکوں پر کچھ کھوج رہا تھا۔
میں نے پوچھا تو کہنے لگا:’’مجھے روشنی کی تلاش ہے۔‘‘
’’صبح ہونے میں ابھی کچھ وقت ہے۔‘‘
میں نے اجنبی کو مطلع کیا۔
’’میں باہر کی نہیں، اندر کی روشنی ڈھونڈ رہا ہوں۔‘‘
اجنبی یہ کہہ کر آگے بڑھ گیا، اور خاموشی میں گم ہوگیا۔
اسے گئے کئی گھنٹے ہو چکے ہیں،
میں جب سے وہیں کھڑا ہوں۔ سورج طلوع ہوگیا ہے،
مگر میرے اندر تاحال اندھیرا ہے۔
آج رات میری کھوج کا سفر شروع ہوگا۔