چین کے صدر شی جن پنگ نے یومِ پاکستان کے موقع پر صدر آصف علی زرداری کو تہنیتی پیغام ارسال کرتے ہوئے پاکستان کی قومی خود مختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے عزم کو سراہا ہے۔
اپنے پیغام میں چینی صدر نے کہا ہے کہ پاکستان نے مختلف خطرات اور چیلنجز کے باوجود قومی ترقی کے سفر کو کامیابی سے آگے بڑھایا اور خطے میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی ترقیاتی کامیابیوں پر دلی خوشی محسوس کرتا ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ روایتی دوستی کو مزید فروغ دیا جائے، اسٹریٹجک روابط مضبوط بنائے جائیں اور ترقیاتی حکمتِ عملیوں میں ہم آہنگی بڑھا کر جدیدیت کے سفر میں مشترکہ طور پر آگے بڑھا جائے۔
چینی صدر نے کہا کہ وہ پاک چین تعلقات کی ترقی کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں اور صدر آصف علی زرداری کے ساتھ مل کر مشترکہ مستقبل کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔
دوسری جانب چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے بھی یومِ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد کا پیغام ارسال کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔