• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ہاں جنازوں ، قلوں اور چہلموں میں تعزیتی گفتگو کچھ اس طرح کی ہوتی ہے کہ اگر مرحوم سن لے تو تعزیت کنندہ کو اپنے ہاتھوں سے مار ڈالے۔ ذیل میں ایک نمونہ : ’’مرحوم میرے بچپن کے دوست تھے ، دسویں تک تعلیم ہم نے ایک ہی اسکول میں حاصل کی‘‘،پھر تو آپ ان کے بے حد قریب رہے ہوں گے؟،”ہاں، اور میں اسے اپنی خوش بختی سمجھتا ہوں۔ ہمارے ہمسائے میں ایک حکیم صاحب رہتے تھے جن کی مقوی ادویات کی بہت شہرت تھی ۔ وہ میرے والد کے دوست تھے۔ میں نے ایک دن دیکھا کہ میرے مرحوم دوست ان کے کان میں کچھ کھسر پھسر کر رہے تھے۔ خدا جانے اس کھسر پھسر کی نوعیت کیا تھی لیکن اسکے نتیجے میں میرے والد نے مجھے سختی سے مرحوم کے ساتھ ملنے جلنے سے منع کر دیا۔ ہم شام کو اکٹھے ٹیوشن پڑھنے جایا کرتے تھے۔ والد نے ٹیوشن سے بھی منع کر دیا۔ اس کے باوجود میں مرحوم سے چوری چھپے ملتا رہا۔اتنے اچھے دوست سے قطع تعلق مجھے گوارا نہ تھا۔‘‘،کیا بات ہے، دوستی ہو تو ایسی ہو!’’دراصل مرحوم بے پناہ خوبیوں کے مالک تھے۔ تعلیم سے فراغت کے بعد انھیں کسٹم میں نوکری ملی۔ چند ماہ بعد ہی کر پشن کے الزام میں گرفتار ہو گئے۔ میں نے ایک بڑی سفارش کروا کے ان کی جان چھڑا لی۔ کوئی اور ہوتا تو میرے اس حُسنِ سلوک کو بھول جاتا لیکن وہ ہر ایک کے سامنے میرے اس احسان کا ذکر کرتے تھے اور یہ ان کی اعلیٰ ظرفی تھی ورنہ میں ان کیلئے کون سا کوئی پہاڑ تو ڑ لایا تھا‘‘۔ آپ صحیح کہتے ہیں، میں نے کئی لوگوں کو دیکھا ہے کہ اگر آپ کسی موقع پر ان کے کام آئیں تو وہ الٹا آپ کے خلاف ہو جاتے ہیں۔،’’نہیں جناب ، مرحوم تو ایسے لوگوں سے بہت مختلف تھے۔ ان کی ایک اور بات جو بے حد اچھی تھی ، وہ یہ کہ انھیں جب کبھی قرض کی ضرورت پڑتی وہ مجھ سے لیتے۔ میں نے ان سے اچھا مقروض کوئی نہیں دیکھا ، وہ وقت مقررہ پر میرا قرض واپس کر دیتے تھے حالانکہ لوگوں کی اکثریت قرض واپس مانگنے پر مرنے مارنے پر تیار ہو جاتی ہے۔ وفات سے ایک روز قبل مرحوم نے مجھ سے تین لاکھ روپے قرض لیے ۔ اگلے روز وہ اللہ کو پیارے ہو گئے ۔ میں مرحوم کی طبیعت سے واقف ہوں، ان کی روح قرض اتارنے کیلئے قبر میں بھی بے چین ہو گی۔ میں اپنے دوست کو اس عذاب میں نہیں دیکھنا چاہتا ، آپ اپنے طور پر ان کے صاحبزادہ سے بات کریں تا کہ مرحوم کو لحد میں سکون آجائے ؟“،میں ضرور بات کروں گا لیکن یہ بتائیں مرحوم کو بار بار قرض لینے کی ضرورت کیوں محسوس ہوتی تھی ؟،’’اس کی وجہ بھی ان کی رحم دلی تھی ۔ وہ مظلوم خواتین کی مدد کیلئے ہر وقت تیار رہتے تھے۔ وہ عین شباب کے عالم میں بیوہ ہونے والی خواتین، یتیم ، بچیوں، فقیرنیوں اور گھروں میں کام کرنیوالی بے سہارا لڑکیوں کو ڈھونڈ کر تلاش کرتے تھے اور ان کی مدد کرتے تھے ۔“ ،کیا وہ مظلوم مردوں کی مدد نہیں کرتے تھے؟، ’’کیوں نہیں ، وہ پندرہ سے بیس برس تک کی عمر کے بچوں کی مدد کیا کرتے تھے۔ ان کاکہنا تھا کہ مرد کو بیس سال کی عمر کے بعد کسی سہارے کی ضرورت نہیں رہتی ۔ اس کے بعد اسے دوسروں کا سہارا بننا چاہئے ! چنانچہ جب ان نو جوانوں کی داڑھی مونچھ نکل آتی تو مرحوم ان کی مدد سے ہاتھ کھینچ لیتے تھے ؟“سبحان اللہ ! کیا زریں اصول تھے مرحوم کے۔ مجھے اس عظیم شخصیت کے بارے میں کچھ اور بھی بتائیں !،’’صاحب، میں ان کی خوبیاں گنوانے بیٹھوں تو کئی دن اور کئی مہینے بیت جائیں اور یہ تذکرہ ختم نہ ہو۔ مرحوم کی ایک اور خوبی جو مجھے بے حد پسند تھی وہ ان کی دوست نوازی تھی۔وہ دوستوں پر اپنی جان قربان کرنے کیلئے تیار رہتے تھے۔ مرکز اور صوبوں میں مرحوم کے کئی دوست اعلیٰ عہدوں پر فائز تھے۔ وہ لاہور آتے تو مرحوم ان کی ہر طرح سے خدمت کرتے بلکہ اپنی جان بھی انھیں پیش کر دیتے تھے۔ یہ دوستوں کیلئے ان کے اس خلوص اور قربانی ہی کا نتیجہ تھا کہ مرکز اور صوبوں میں ان کا کوئی کام رکتا نہیں تھا۔‘‘،واقعی کمال کے شخص تھے۔’’ارے صاحب! یہ تو کچھ بھی نہیں ، مرحوم اپنے تعلقات صرف اپنے لیے استعمال نہیں کرتے تھے بلکہ اجنبیوں تک کے کام کروانے کیلئےہمہ وقت تیار رہتے تھے۔ ایک دفعہ ایک بالکل اجنبی شخص میرے سامنے ان کے پاس جو ایک خاصا مشکل کام لے کر آیا مگر مرحوم نے اپنا پورا زور صرف کر کے اس کا یہ کام کروا دیا۔ اس نے جب کام کیلئےکہا تھا تواس کا خیال تھا کہ شاید مرحوم اس کا معاوضہ بھی مانگیں گے مگر میرا یار تو کرپشن کے مقدمےسے رہائی کے بعد سے رشوت کے ایک پیسے کو بھی حرام سمجھتا تھا، چنانچہ انھوں نے اس اجنبی سے صرف نچلے عملے میں تقسیم کرنے کیلئے دولاکھ روپے لیے ۔ آپ کو پتا ہے اوپر سے سفارش ہو بھی جائے ، فائل کا پہیہ تو نیچے ہی سے چلنا ہوتا ہے نا ؟‘‘،مرحوم سے میری شناسائی کچھ زیادہ نہ تھی ،مگر آپ کی باتوں سے مجھے اندازہ ہوا کہ وہ کیا چیز تھے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جس طرح بھی ممکن ہو ان کی مغفرت فرمائیں ؟،’’آمین ! بس ذرا مرحوم کے صاحبزادے کو اپنے طور پر مرحوم کے قرضے کے بارے میں بتادیجئے گا تا کہ ان کی روح کو لحد میں چین آجائے ۔ اس نیکی کا بدلہ اللہ تعالیٰ آپ کو دیں گے کہ آپ نے ایک عظیم شخص کو قبر کے عذاب سے نجات دلا دی۔ میرا کیا ہے، میں تو پیسے کو ہاتھ کی میل سمجھتا ہوں۔ میں نے یہ میل آگے کسی اور کے سپرد کر دینی ہے مگر میرا دوست تو پُرسکون ہو جائیگا!“

تازہ ترین