سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں 2 الگ الگ کارروائیاں کر کے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہرنائی میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا جہاں 12 خوارج ہلاک کر دیے گئے، سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو گھیر کر بھرپور کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع بسیما میں بھی آپریشن کے دوران بھارتی سرپرست یافتہ 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگا کر مؤثر اور فیصلہ کُن کارروائی کی۔
ہلاک دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث اور سیکیورٹی فورسز کو مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز پاکستان سے بیرونی سر پرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
صدرِ مملکت نے ہرنائی اور بسیما میں 15دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک سے بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے، قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عزم استحکام کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کیخلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
قوم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کیساتھ کھڑی ہے: محسن نقوی
اس حوالے سے وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائیاں کر کے خوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
جاری کیے گئے بیان میں محسن نقوی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز پُرعزم ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کو بھی سراہا۔