• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی گلوکار بادشاہ کی گرفتاری کا مطالبہ سامنے آگیا

گلوکار بادشاہ - فوٹو: فائل
گلوکار بادشاہ - فوٹو: فائل

بھارتی ریاست ہریانہ اسٹیٹ کمیشن فار ویمن نے گانے میں خواتین سے متعلق نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر مشہور ریپر بادشاہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق کمیشن نے کہا ہے کہ بادشاہ کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے کیونکہ وہ کمیشن کے نوٹس کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔

یہ معاملہ ان کے حالیہ ہریانوی میوزک ویڈیو تاتیری کے مبینہ قابلِ اعتراض بول اور مناظر سے متعلق ہے۔

کمیشن کی چیئرپرسن رینو بھاٹیا نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے ایس پی پانی پت کو ہدایت دی کہ بادشاہ کو کسی بھی جگہ سے گرفتار کیا جائے اور ان کا پاسپورٹ ضبط کر لیا جائے تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جا سکیں۔ اس حوالے سے دو ایف آئی آرز بھی درج کردی گئی ہیں۔ 

بادشاہ کے وکیل نے کمیشن سے مزید وقت مانگا تھا، تاہم درخواست مسترد کر دی گئی۔

چیئرپرسن نے نیشنل کمیشن فار ویمن کو بھی خط لکھا کہ ملک میں بادشاہ کے کسی شو کی اجازت نہ دی جائے۔

یاد رہے کہ بادشاہ نے عوامی ردعمل کے بعد انسٹاگرام پر معافی مانگی اور تاتیری گانا ہٹادیا۔

ہریانہ پولیس نے ان کے خلاف لوک آؤٹ سرکلر جاری کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے اور متعدد ٹیمیں ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔

پولیس کے مطابق ویڈیو میں اسکول کی بچیوں کو غیر مناسب انداز میں دکھایا گیا ہے اور خواتین کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید