• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آبنائے ہرمز کی بندش: عالمی غذائی بحران کا خدشہ، کھاد کی قلت، قیمتوں میں اضافہ

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

عالمی سطح پر جاری ایران جنگ کے دوران آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ اب ایک نیا بحران سر اٹھانے لگا ہے، جس کا تعلق عالمی غذائی تحفظ سے بتایا جا رہا ہے۔

الجزیرہ کے مطابق ایران کے پاسدارانِ انقلاب اسلامی (IRGC) کے کمانڈر انچیف کے سینئر مشیر ابراہیم جابری نے 2 مارچ کو دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز بند ہو چکی ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالرز فی بیرل سے تجاوز کر گئی۔

ماہرین کے مطابق اسی بحری راستے کے متاثر ہونے سے اب کھاد (fertiliser) کی سپلائی چین بھی شدید دباؤ کا شکار ہے، جو عالمی زراعت کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔

کھاد کی قلت کیوں؟

رپورٹس کے مطابق دنیا کی تجارت میں استعمال ہونے والی یوریا کھاد کا بڑا حصہ خلیجی ممالک سے آتا ہے اور یہ بھی آبنائے ہرمز کے ذریعے منتقل ہوتا ہے، گیس کی سپلائی اور شپنگ میں خلل کے باعث خطے میں کھاد بنانے والے کارخانے یا تو بند ہو رہے ہیں یا پیداوار کم کر رہے ہیں۔

قطر کی سرکاری کمپنی قطر انرجی نے گیس کی بندش کے بعد دنیا کے سب سے بڑے یوریا پلانٹس میں سے ایک کی پیداوار روک دی ہے، جس کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں۔

عالمی پیداوار پر اثرات

بھارت نے اپنے کئی یوریا پلانٹس کی پیداوار کم کر دی، بنگلا دیش نے اپنی بیشتر کھاد فیکٹریاں بند کر دیں، امریکا کو بھی تقریباً 25 فیصد کھاد کی کمی کا سامنا ہے۔

ماہرین کے مطابق یوریا کی قیمتوں میں تقریباً 40 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ دیگر کھادوں کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ متوقع ہے۔

کن ممالک پر زیادہ اثر؟

خلیجی خطہ دنیا کی کھاد کی بڑی سپلائی فراہم کرتا ہے، جس سے بھارت اپنی 40 فیصد سے زائد کھاد درآمد کرتا ہے، برازیل اپنی تقریباً مکمل کھاد سپلائی امپورٹ کرتا ہے، چین، امریکا، آسٹریلیا اور انڈونیشیا بھی بڑی حد تک اس خطے پر انحصار کرتے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق خلیجی خطے سے عالمی یوریا تجارت کا تقریباً 46 فیصد اور کھاد کی مجموعی تجارت کا ایک بڑا حصہ وابستہ ہے۔

غذائی پیداوار پر ممکنہ اثرات

ماہرین کے مطابق کھاد کی قلت فصلوں کی پیداوار پر براہِ راست اثر ڈال سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب شمالی نصف کرہ میں بوائی کا سیزن جاری ہے۔

کھاد کے بغیر یا کم استعمال کے باعث گندم، چاول، مکئی اور سویا بین جیسی اہم فصلوں کی پیداوار کم ہو سکتی ہے، عالمی خوراک کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے، خوراک کی قیمتوں میں اضافہ اور بعض ممالک میں قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
تجارتی خبریں سے مزید