بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے وقت کے ساتھ تنقید کو سمجھنے کا اپنا انداز بدلا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 50 سالہ ابھیشیک بچن نے کہا کہ میں پہلے ناقدین کو منفی انداز میں دیکھتا تھا اور کہتا یہ میرے کام کو نہیں سمجھتے۔
انہوں نے کہا کہ اب مجھے اس بات کا احساس ہے کہ تنقید دراصل سیکھنے اور خود کو بہتر بنانے کا ذریعہ ہے، تنقید صرف منفی نہیں بلکہ تعمیری بھی ہوسکتی ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ میں تسلیم کرتا ہوں کہ بطور فنکار میں اپنے دیکھنے والوں کے سامنے جوابدہ ہوں، یہی وجہ ہے کہ میں نے ناقدین کو مخالف کے بجائے رہنما کے طور پر دیکھنا شروع کیا۔
ابھیشیک بچن نے یہ بھی کہا کہ سمجھدار انسان تنقید کو نظر انداز نہیں کرتا بلکہ اس سے سیکھتا ہے، یہی وہ چیز ہے جس نے مجھے اپنا کیرئیر بہتر بنانے میں مدد دی۔
اداکار نے 26 برس پہلے فلم ریفوجی سے بالی ووڈ میں کام رکھا، اُن کی مشہور فلموں میں بنٹی اور ببلی، دھوم سیریز، گرو، سرکار اور کبھی الوداع نہ کہنا شامل ہیں۔