بھارتی ریاست راجستھان سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ اداکارہ اور ماڈل ہرشل کالیا گزشتہ دنوں جے پور میں پیش آنے والے ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں چل بسیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثہ پیر کی رات 11 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا جب ہرشل کالیا کام سے واپس گھر جا رہی تھیں، اس دوران اِن کی گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر اُلٹ گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ کی گاڑی تیزی سے ڈیوائیڈر سے ٹکرائی اور قلابازیاں کھاتے ہوئے دور جا گری، مقامی افراد نے فوری طور پر گاڑی سیدھی کر کے اداکارہ کو باہر نکالا اور نجی اسپتال منتقل کیا تاہم شدید سر کی چوٹوں کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی ہے، حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ ہرشل کالیا ویب سیریز ’کرائم نیکسٹ ڈور‘ میں کام کر چکی ہیں۔
وہ ایک نیوز چینل میں اینکر بھی رہیں اور متعدد راجستھانی گانوں میں مرکزی کردار ادا کیا، حالیہ دنوں میں وہ ماڈلنگ کے شعبے میں سرگرم تھیں۔