بہاولپور(سٹی رپورٹر) سکول مینجمنٹ کونسلز تعلیمی اداروں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، ان کی فعالیت اور تعاون کے بغیر تعلیمی نظام ادھورا ہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے نائب صوبائی امیراور ایم پی اے ڈاکٹر سید وسیم اختر نے الف اعلان اور این آرایس پی کے زیراہتمام سکول مینجمنٹ کمیٹیوں کے کنونشن میں کیا۔انہوں نے سکول کونسلز کو فعال کروانے کے لئے والدین کے ضلعی اتحاد کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ وہ بہاولپور میں لڑکیوں کے سکولوں کی کمی کے معاملے اور تعلیمی بجٹ میں اضافے کو پنجاب اسمبلی میں اٹھائیں گے۔این آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر مظہر احمد خان نے لوکل سپورٹ آرگنائزیشن کے ممبران سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سکول مینجمنٹ کونسلز کی فعالیت اور فنڈز کے مناسب استعمال کے لئے بھرپور کوششیں کریں۔الف اعلان کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر علی مرزا نےبتایا کہ الف اعلان اور والدین کے ضلعی اتحاد فورم بہاولپور کے لوگوں میں تعلیمی شعور بیدار کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔تقریب میں تیمور خان، آصف الیاس، رانا عامر، نعمان نصیر، وقار احمد اور خرم شہزاد اورمیڈیا نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔