جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والی معروف تامل اداکارہ سباشینی بالا سبرامنیم چنئی میں اپنے کرائے کے اپارٹمنٹ میں مردہ پائی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیلی ویژن سیریل کیال میں اپنے مشہور کردار کی وجہ سے مشہور 36 سالہ اداکارہ اپنے کرائے کے فلیٹ میں مردہ حالت میں ملیں، ان کی اچانک موت سے انکے ساتھی اور پرستار شدید صدمے میں مبتلا ہوگئے۔
ابتدائی رپورٹس اس جانب اشارہ کرتی ہیں کہ انکی موت خود کشی سے ہوئی ہے۔ تاہم اس وقت ایک مکمل تحقیقات جاری ہے جس سے موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنیادی طور پر سری لنکا سے تعلق رکھنے والی سباشینی نے یہ انتہائی اقدام اتوار کی شب کیا۔
میڈیا نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ خودکشی سے قبل انکی اپنے شوہر بیپن چندرن سے گھریلو تنازع پر ویڈیو کال پر جھگڑا ہوا اور پھر انھوں نے کال کے دوران ہی شوہر کے سامنے خودکشی کی جس پر بیپن نے اپارٹمنٹ کے سیکیورٹی والوں کو الرٹ کیا جنھوں نے پولیس سے رابطہ کیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر انھیں اسپتال منتقل کیا جہاں انھیں مردہ قرار دیا گیا۔
بیپن چندرن کا تعلق بنگلورو سے ہے اور دونوں کی اپریل 2024 میں شادی ہوئی تھی۔ سباشینی نے گزشتہ ماہ کے اوائل میں یہ اپارٹمنٹ چنئی میں شوٹنگ کے مقصد کے لیے ایک پرائیویٹ رہائشی کمپلیکس میں لیا تھا۔
سباشینی بالاسبرامنیم اپنے اسکرین نام شاشوی بالا کے نام سے مداحوں میں مشہور تھیں۔ انھوں نے ڈرامہ کیال میں اپنے منفی کردار سے شہرت حاصل کی۔ انھوں نے تامل فلم ایلام میلا ارکورن پاتھوپن (2023) اور ویب سیریز (2023) میں بھی کام کیا تھا۔