• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بادشاہ کی متنازع گانے پر معافی، 50 بچیوں کی تعلیم میں تعاون کا عہد

ادیتیا پراتیک سنگھ المعروف بادشاہ(تصویر سوشل میڈیا)۔
ادیتیا پراتیک سنگھ المعروف بادشاہ(تصویر سوشل میڈیا)۔ 

بھارتی ریپر، گلوکار، گیت نگار اور میوزک پروڈیوسر ادیتیا پراتیک سنگھ المعروف بادشاہ نے اپنے گانے تاتیری پر تنازع کے بعد نیشنل کمیشن فار ویمن سے معافی مانگ لی، ساتھ ہی 50 بچیوں کی تعلیم میں تعاون کرنے کا عہد بھی کیا۔

واضح رہے کہ دلی سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ ریپر کا گانا تاتیری نامناسب اور غیر واضح بول اور مناظر کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں آیا، جس کے بعد اسے ہٹا دیا گیا۔

تاتیری کی ریلیز کے بعد تنازع جیسے جیسے شدت اختیار کرتا گیا، تو انھوں نے معذرت کرلی اور بتایا کہ اس گانے کو تمام پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس سے قبل مارچ میں نیشنل کمیشن فار ویمن نے بھی بادشاہ اور ہریانوی گانے تاتیری کو ترتیب دینے والوں کو فحاشی اور نازیبا مواد کے الزام میں طلب کیا تھا۔

بھارتی میڈیا کی تازہ رپورٹ کے مطابق اس صورتحال پر بادشاہ نے اپنے گانے کے حوالے سے قومی کمیشن برائے خواتین سے معافی مانگ لی ہے اور خواتین کے بااختیار بنانے کے لیے کام کرنے کا عہد کیا ہے، جس میں معاشی طور پر کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والی 50 لڑکیوں کی تعلیم میں تعاون بھی شامل ہے۔

کمیشن کی چیئرپرسن وجیا رہتکر کی سربراہی میں سماعت کے موقع پر ہدایتکار جوبن سندھو، مہاویر سنگھ اور پروڈیوسر ہیتن بھی موجود تھے۔ کمیشن کی چیئرپرسن نے کہا کہ گانے کے بول اور پیشکش نے خواتین کے وقار اور احترام کو مجروح کیا ہے۔ 

انھوں نے خواتین کے وقار کو پہنچنے والے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ آئندہ اس طرح کے واقعات سے گریز یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر موجود تمام افراد نے غیر مشروط معافی نامہ جمع کرانے کے ساتھ اپنی شرمندگی کا اظہار کیا۔

تاتیری ایک ہریانوی ہپ ہاپ سنگل گیت ہے جو یکم مارچ 2026 کو ریلیز ہوا، جسے بادشاہ نے گلوکارہ سمرن جگلان کے ساتھ پیش کیا۔ اس گانے کے بول بادشاہ نے خود لکھے، جبکہ اس کی موسیقی ہیتن نے ترتیب دی اور پروڈکشن بھی کی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید