اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی دو ہفتوں کی جنگ بندی لبنان پر لاگو نہیں ہوگی۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے امریکا کے اس فیصلے کی حمایت کی ہے جس کے تحت ایران پر حملے عارضی طور پر روک دیے گئے ہیں۔
نیتن یاہو کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے جوہری، میزائل اور حملوں سے متعلق خطرات کے خاتمے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر کا بیان میں کہنا ہے کہ ایران کے خلاف حملے 2 ہفتوں کے لیے معطل کرنے کی صدر ٹرمپ کی مشروط حمایت کرتے ہیں، ایران فوری طور پر آبنائے ہرمز کھولے اور خطے میں تمام حملے بند کرے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے اسرائیل کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ان مقاصد کے حصول کے لیے مذاکرات جمعہ کے روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کیے جائیں گے تاہم اُنہوں نے واضح کیا کہ 2 ہفتوں کی یہ جنگ بندی لبنان کو شامل نہیں کرتی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ امریکا، ایران اور ان کے اتحادی فوری جنگ بندی پر متفق ہو گئے ہیں جو لبنان سمیت ہر جگہ نافذ ہوگی۔