امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ بندی معاہدے کو امریکا کی فیصلہ کن فتح قرار دے دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ فرانسیسی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی معاہدے پر اتفاق کے بعد امریکا نے فیصلہ کن فتح حاصل کر لی۔
اُنہوں نے کہا کہ یہ 100 فیصد امریکا کی مکمل فتح ہے، اس میں کوئی شک نہیں ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایک طویل المدتی معاہدے کے لیے مضبوط فریم ورک موجود ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان 15 نکاتی فریم ورک موجود ہے، بیشتر نکات پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا ہے، اب دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے اور کیا یہ فریم ورک مکمل طور پر طے پاتا ہے یا نہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امن معاہدے میں ایران کے جوہری مواد کا معاملہ بھی شامل ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز میں بحری ٹریفک کو معمول پر لانے میں مدد کرے گا، بہت سے مثبت اقدامات ہوں گے، بڑی رقم کمائی جاسکے گی، ایران تعمیر نو شروع کر سکتا ہے۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ہر طرح کی نقل و حمل یقینی بنانے کے لیے ہم وہیں موجود رہیں گے۔