فلموں اور ڈراموں کے سپر اسٹار اور ریٹنگ کے ہیرو دانش تیمور نے جنگ ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈراما سیریل ہمراہی کی ابتدائی اقساط نہایت قلیل عرصے میں تیز ترین ریٹنگ پر گامزن ہیں۔
دانش تیمور نے کہا کہ اس نے سوشل میڈیا پر صرف یوٹیوب پر 40 ملین ویوز حاصل کر لیے ہیں۔ اسے 20 ملین پاکستان اور 20 ملین بھارت کے ویورز نے دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حبا بخاری کے ساتھ ناظرین مجھے پسند کرتے ہیں۔ مجھے جو بھی شہرت اور کامیابی ملتی ہے یہ سب میرے رب کی عطا ہے۔ اس میں میرا کچھ نہیں ہے۔ میری بیگم عائزہ خان بھی میرے ڈرامے شوق سے دیکھتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں دانش تیمور نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران سب ایک دوسرے کے ساتھ محبت کے ساتھ پیش آتے تھے۔ کسی کا کوئی معمولی جھگڑا یا بدمزگی بھی نہیں ہوئی۔ میں بابر جاوید کے ساتھ ہر موقع پر موجود رہا۔
دانش تیمور کا کہنا تھا کہ ڈراموں کی کامیابی میں او ایس ٹی کا کردار بھی ہوتا ہے۔ بابر جاوید نے زبردست گانا تیار کروایا ہے۔ جیو سے میرے کامیاب ڈراموں کی لمبی لسٹ ہے۔ دیوانگی اور جاں نثار میں حبا بخاری کے ساتھ ناظرین نے ہمیں بہت پسند کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ہمراہی میں بھی ہمیں پسند کیا جارہا ہے۔ میں نے ہمراہی کے لیے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے 15 کلو وزن کم کیا۔ بعد ازاں شروع کی اقساط کے بعد پھر سے وزن بڑھایا۔ اداکاری میں فنکار کو ایسا کرنا پڑتا ہے۔