عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور این ایف ایل اسٹار ٹریوس کیلسی کی شادی سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئیں، جن کے مطابق جوڑے کی شادی 3 جولائی کو نیویارک سٹی میں متوقع ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق شادی کے دعوت نامے بھی بھیجے جا چکے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تقریب جلد منعقد ہونے جا رہی ہے۔
اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ دونوں روڈ آئی لینڈ میں شادی کا ارادہ رکھتے ہیں، جہاں ٹیلر سوئفٹ کی بڑی پراپرٹی موجود ہے، تاہم بعد ازاں بڑے اجتماع کے پیش نظر نیویارک کا انتخاب کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ جوڑا ایک بڑے وینیو کا انتخاب کر رہا ہے تاکہ زیادہ مہمانوں کو مدعو کیا جا سکے، نیویارک اس حوالے سے مشہور ہے جہاں ماضی میں بھی کئی عالمی شہرت یافتہ شخصیات شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ 4 جولائی، جو امریکا کا یومِ آزادی ہے، ٹیلر سوئفٹ کی پسندیدہ تاریخوں میں شمار ہوتا ہے، جبکہ اس سال امریکا اپنی 250 ویں سالگرہ بھی منا رہا ہے۔
یاد رہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی نے 26 اگست 2025ء کو ایک مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد مداحوں میں ان کی شادی کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے۔