مشہور امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اور نیشنل فٹبال لیگ (این ایف ایل) اسٹار ٹریوس کیلسی کی ممکنہ شادی کی تاریخ اور مقام مبینہ طور پر منظرِ عام پر آگئے۔
رپورٹس کے مطابق یہ شادی آئندہ برس موسم گرما میں ہونے کا امکان ہے۔ جوڑے نے 26 اگست 2025 کو انسٹاگرام پر مشترکہ پوسٹ کے ذریعے منگنی کا اعلان کیا تھا۔
پوسٹ کے ساتھ ان کی خوابناک منگنی کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں، بتایا جاتا ہے کہ ٹریوس نے ٹیلر کو اس وقت پروپوز کیا جب وہ اپنے نئے البم کے اعلان کے لیے نیو ہائٹس پوڈکاسٹ (New Heights Podcast) پر موجود تھیں، جس کے میزبان ٹریوس اور ان کے بھائی جیسن کیلسی ہیں۔
ٹیلر نے اس موقع پر اپنی ونٹیج اسٹائل کی ڈائمنڈ رنگ بھی دکھائی، جسے آرٹی فیکس فائن جیولری (Artifex Fine Jewellery) کے ڈیزائنر نے تیار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شادی کی تقریب رہوڈ آئی لینڈ کے ساحلی علاقے واچ ہِل، ویسٹرلی میں ٹیلر سوئفٹ کی سمندری رہائش گاہ کے قریب منعقد ہونے کا امکان ہے۔
دو مقامات اس وقت مداحوں کے اندازوں میں سرفہرست ہیں، ایک بریکرز مینشن جو نیوپورٹ میں واقع 70 کمروں پر مشتمل تاریخی محل ہے، جسے کورنیلیئس وینڈر بلٹ دوم نے تعمیر کرایا تھا، جس کی مالیت تقریباً 500 ملین ڈالر ہے جبکہ دوسرا اوشیئن ہاؤس جو ٹیلر کے گھر کے قریب ایک شاندار ساحلی ہوٹل ہے۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ان مقامات میں سے ایک پر پہلے سے بکنگ تھی، تاہم وہاں شادی کرنے والے جوڑے کو ایک نامعلوم پارٹی کی درخواست پر تاریخ تبدیل کرنے کو کہا گیا جس کے بارے میں قیاس ہے کہ وہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دونوں کی شادی 13 جون 2026 کو متوقع ہے، یہ تاریخ ٹیلر سوئفٹ کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے کیونکہ وہ ہمیشہ 13 کو اپنی خوش نصیبی کی علامت مانتی ہیں، جس سے قیاس آرائیاں مزید مضبوط ہوگئی ہیں۔
فی الحال یہ تمام اطلاعات غیر مصدقہ ہیں، تاہم سوئفٹ کے مداحوں میں شادی کی خبروں نے جوش و تجسس کو نئی حدوں تک پہنچا دیا ہے۔