امریکی نائب صدر جے ڈی وینس پاکستان کیلئے روانہ ہوگئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی نائب صدر اسلام آباد میں پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے ایران امریکا مذاکرات میں امریکی وفد کی سربراہی کریں گے۔
روانگی کے موقع پر جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی گائیڈلائن کے تحت مذاکرات میں حصہ لینے جا رہا ہوں، یقین ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات مثبت رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایرانی قیادت نیک نیتی کے ساتھ بات چیت پر آمادہ ہوئی تو امریکا بھی کھلے دل سے آگے بڑھنے کو تیار ہے، اگر ایران نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا، چالاکی کی کوشش کی تو امریکی مذاکراتی ٹیم مثبت ردعمل نہیں دے گی۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے مذاکرات پاکستان کی ثالثی میں کل اسلام آباد میں ہوں گے، امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس، نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور صدرٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر پاکستان پہنچیں گے۔
ایرانی وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی اور اسپیکر ایرانی پارلیمنٹ باقر قالیباف شامل ہیں۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے وفود اور صحافیوں کو ویزا فری سفری سہولت دی جائے گی۔